پاکستان شوبز انڈسٹری کے مشہور و معروف اداکار حمزہ علی عباسی نے سیاست میں قدم رکھنے کے حوالے سے وضاحت دے دی ہے۔
حال ہی میں اپنے دیے گئے ایک انٹرویو میں اداکار حمزہ علی عباسی کا کہنا تھا کہ میرا سیاست میں آنے کا کوئی ارادہ نہیں ہے۔
انہوں نے اپنی بات کی وضاحت دیتے ہوئے کہا کہ کیونکہ پارلیمنٹ میں جانے کے لیے بہت جھوٹ بولنے پڑتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ وہ جس ملک میں بھی جاتے ہیں، اُنہیں شائقین کی جانب سے خوب پزیرائی ملتی ہے۔
واضح رہے کہ ڈھائی سال قبل شوبز انڈسٹری کو الوداع کہنے والے پاکستانی اداکار حمزہ علی عباسی نے شوبز میں واپسی کا اعلان کردیا ہے۔
حمزہ علی عباسی نے انسٹا گرام پر آنے والے ڈرامے جان جہاں کا موشن ٹیزر جاری کیا جس میں وہ مرکزی کردار ادا کرتے دکھائی دیں گے۔
انہوں نے ڈرامے کی کہانی کے حوالے سے مزید کوئی تفصیلات نہیں بتائیں تاہم تصدیق کی کہ جان جہاں کو اسی سال ٹی وی چینل پر ریلیز کیا جائے گا۔
انہوں نے شوبز میں واپسی کا اعلان کرتے ہوئے مداحوں کو بتایا کہ وہ جلد ہی دوبارہ ٹی وی اسکرین پر دکھائی دیں گے۔
ان کی جانب سے شوبز میں واپسی کے اعلان کو مداحوں نے سراہتے ہوئے انہیں خوش آمدید کہتے ہوئے ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا۔
خیال رہے کہ حمزہ علی عباسی نے اگست 2020 میں مختلف وجوہات کی بنا پر شوبز سے طویل عرصے تک کنارہ کشی کا اعلان کیا تھا۔