اسمارٹ موبائل فون بنانے والی جنوبی کورین کمپنی سام سنگ نے ’اے‘ سیریز کے اپنے دو نئے فونز ’اے 54‘ اور ’اے 34‘ کو پیش کردیا، جنہیں مہنگائی کے اس دور میں قدرے مہنگا قرار دیا جا رہا ہے۔
دونوں فونز سے متعلق گزشتہ چند ماہ سے معلومات لیک ہونے کا سلسلہ جاری تھا اور یہ امکانات پہلے ہی ظاہر کیے گئے تھے کہ انہیں مارچ کے وسط تک پیش کردیا جائے گا۔
اب کمپنی نے دونوں کو سب سے پہلے یورپی مارکیٹ میں پیش کردیا اور انہیں رواں ماہ کے اختتام تک دیگر ممالک میں بھی پیش کردیا جائے گا۔
’اے 54‘
کمپنی نے اس فون کو 5۔6 انچ کی ایمولیڈ اسکرین کے ساتھ پیش کیا ہے اور اسے مختلف میموری ماڈیولز میں متعارف کرایا گیا ہے۔
فون کو 6 اور 8 جی بی میموری جب کہ 128 اور 256 جی بی میموریز کے ساتھ پیش کیا گیا ہے۔
’اے 54‘ کو اینڈرائیڈ 13 کے آپریٹنگ سسٹم جب کہ تین بیک کیمرا اور 32 میگا پکسل سیلفی کیمرا کے ساتھ پیش کیا گیا ہے۔
فون کے بیک پر تین میں سے مین کیمرا 50 میگا پکسل جب کہ دوسرا 12 میگا پکسل اور تیسرا 5 میگا پکسل کا دیا گیا ہے۔
پانچ ہزار ایم اے ایچ بیٹری اور 25 واٹ کا فاسٹ چارجر دیا گیا ہے اور ساتھ ہی اس میں فنگر پرنٹ سینسر بھی دیا گیا ہے۔
اس فون کے 6 جی بی ماڈیول کی قیمت ایک لاکھ 45 ہزار جب کہ 8 جی بی ماڈیول کی قیمت ایک لاکھ 60 ہزار روپے تک رکھی گئی ہے۔
’اے 34‘
کمپنی نے اس فون کو 6۔6 انچ کی قدرے بڑی اسکرین کے ساتھ پیش کیا ہے اور اس میں بھی مختلف میموریز کے ماڈلز متعارف کرائے گئے ہیں۔
اس فون کو بھی کمپنی نے 6 جی بی اور 8 جی بی ریم جب کہ 128 اور 256 جی بی میموری کے ماڈیولز کے ساتھ پیش کیا ہے۔
اس فون میں بھی اینڈرائیڈ 13 کے آپریٹنگ سسٹم کو فنگر پرنٹ سینسر کے ساتھ پیش کیا گیا ہے۔
اس فون کے بیک پر بھی تین کیمرے دیے گئے ہیں جس میں سے مین کیمرا 48 میگا پکسل، دوسرا 8 جب کہ تیسرا 5 میگا پکسل دیا گیا ہے۔
’اے 34‘ کے فرنٹ پر 13 میگا پکسل کا سیلفی کیمرا دیا گیا ہے اور اس فون کو بھی 5 ہزار ایم اے ایچ کی بڑی بیٹری اور 25 واٹ کے چارجر کے ساتھ پیش کیا گیا ہے۔
اس فون کے 6 جی بی میموری ماڈیول کی قیمت ایک لاکھ 15 ہزار جب کہ 8 جی بی ماڈیول کی قیمت ایک لاکھ 35 ہزار روپے سے زائد رکھی گئی ہے۔