این سی او سی کی عوام کو ہجوم والے مقامات پر ماسک پہننے کی تجویز

این سی او سی کی عوام کو ہجوم والے مقامات پر ماسک پہننے کی تجویز


نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) نے عوام کو تجویز دی ہے کہ ہجوم والے مقامات اور ہیلتھ کیئر سہولیات پر ماسک کا استعمال لازمی کریں۔

این سی او سی کے مطابق ملک میں کووڈ-19 کے رجحان کو مدنظر رکھتے ہوئے 30 اپریل تک کے لیے رہنما خطوط جاری کیے گئے تھے۔

اسی دوران صحت کے حکام نے بتایا کہ ملک بھر میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 129 نئے کورونا وائرس کیسز رپورٹ ہوئے۔

نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ہیلتھ (این آئی ایچ) کے اعداد و شمار کے مطابق مثبت کیسز کا تناسب 2.98 فیصد تھا جبکہ 14 مریضوں کی حالت تشویشناک تھی۔

تاہم کووڈ 19 سے اموات رپورٹ نہیں ہوئیں جبکہ کووڈ-19 کے 4 ہزار 334 ٹیسٹ کیے گئے۔

لاہور میں 523 ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے 8.22 فیصد کے تناسب سے 43 مثبت کیسز کی تصدیق ہوئی، جبکہ راولپنڈی میں 225 ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے 3 مثبت کیسز کی تصدیق ہوئی جس کا تناسب 1.33 فیصد تھا۔

اس کےعلاوہ اسلام آباد میں 333 ٹیسٹ کیے گئے میں 4.20 فیصد کے تناسب سے 14 مثبت کیسز کی تصدیق ہوئی۔

نیشنل ہیلتھ سروسز، ریگولیشنز اور کوآرڈینیشن کے وزیر عبدالقادر پٹیل نے کہا کہ حکومت نے کووڈ-19 کے کسی بھی سَب ویریٹ سے نمٹنے کے لیے ملک میں بارڈر اور ہیلتھ سروسز کے کردار کو منظم کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ملک کے تمام داخلی راستوں پر نگرانی کا نظام موجود ہے۔

عبدالقادر پٹیل نے مزید کہا کہ تمام ایئرپورٹس پر مسافروں کے ٹیسٹ اور اسکریننگ ہوگی۔

انہوں نے عوام سے درخواست کی کہ ملکی صورتحال قابو میں ہے عوام افواہوں پر دھیان دینے سے گریز کریں۔


اپنا تبصرہ لکھیں