ہمایوں سعید نے میرے ساتھ کام کرنے سے انکار کردیا تھا، نعیم حق کا انکشاف

ہمایوں سعید نے میرے ساتھ کام کرنے سے انکار کردیا تھا، نعیم حق کا انکشاف


پاکستان شوبز انڈسٹری کے ابھرتے ہوئے ماڈل و اداکار نعیم حق نے انکشاف کیا ہے کہ بھارت سے اداکاری کی تعلیم حاصل کرنے کے بعد جب ہمایوں سعید سے ڈراموں میں اداکاری کی خواہش کا اظہار کیا تو انہوں نے تجربہ نہ ہونے کی بنیاد پر کام کرنے سے انکار کر دیا۔

جیو ٹی وی کے ڈرامہ سیریل سنگدل سے اداکاری کے میدان میں قدم رکھنے والے نعیم حق نے گزشتہ دنوں ایک نجی ٹی وی پروگرام میں شرکت کی اور اپنے اداکاری کے سفر کے حوالے سے بات کرتے ہوئے دلچسپ واقعات بتائے۔

انہوں نے بتایا کہ بالی ووڈ کی فلمیں خاص طور سے شاہ رخ خان کی فلم ’دل والے دلہنیا لے جائیں گے‘ کئی بار دیکھی، وہیں سے اداکاری کا شوق پیدا ہوا اور یہ تجسس بھی ہوا کہ بالی ووڈ اداکار اتنی اچھی اداکاری کیسے کرتے ہیں، یہ ہی وجہ ہے کہ انہوں نے بھارت کے بہترین اداکاری کے اسکول سے اداکاری سیکھی۔

تاہم اداکاری کی تعلیم حاصل کرنے کے بعد جب وہ پاکستان واپس آئے اور اداکار و پروڈیوسر ہمایوں سعید سے رابطہ کر کے انہیں اپنی خواہش سے آگاہ کیا کہ ’وہ ان (ہمایوں سعید) کے ساتھ ڈراموں میں کام کرنا چاہتے ہیں، جس پر ہمایوں سعید نے یہ کہہ کر انکار کر دیا کہ ابھی تعلیم حاصل کی ہے لیکن کام کا تجربہ نہیں ہے۔

نعیم حق نے مزید بتایا کہ انہوں نے ہمایوں سعید کا فون بند کرنے کے بعد دعا مانگی کہ ’کبھی انہیں ہمایوں سعید کے ساتھ کام کرنے کا موقع ملا تو اپنی اداکاری کی صلاحیتوں کا لوہا منوائیں گے‘۔

خیال رہے کہ نعیم حق نے جیو ٹی وی کے ڈرامہ سیریل سنگدل سے اداکاری شروع کی اور پھر ڈرامہ خان، فلم یلغار اور مان جاؤ ناں میں اداکاری کے جوہر دکھائے۔


اپنا تبصرہ لکھیں