اماراتی خلا باز سلطان النیادی نے بین الاقوامی خلائی اسٹیشن پر پہنچنے کے 4 دن بعد خلا سے دبئی کے حکمران شیخ محمد بن راشد سے ویڈیو کال پر بات کرکے مقامی طور پر تاریخ رقم کردی۔
العریبیہ کی رپورٹ کے مطابق شیخ محمد بن راشد اپنے خلائی مرکز پہنچے جہاں اماراتی خلا باز نے ان سے ویڈیو کال کے ذریعے بات کی جسے ناسا ٹی وی پر براہ راست ویڈیو لنک اپ کے ذریعے نشر بھی کیا گیا۔
متحدہ عرب امارات کے دوسرے خلاباز سلطان النیادی اس وقت سب سے طویل عرب خلائی مشن کے لیے بین الاقوامی خلائی اسٹیشن پر موجود ہیں، انہوں نےخلا سے زمین کا خوبصورت نظارہ بھی دکھایا۔
سلطان النیادی اپنے تین ساتھیوں کے ساتھ اگلے 6 ماہ خلا میں ہی گزاریں گے جو عرب دنیا کا سب سے طویل خلائی مشن ہوگا۔
یہ خلا باز کئی تجربات میں حصہ لیں گے جن میں مائیکرو گریوٹی میں مخصوص مواد کیسے جلتے ہیں، دل، دماغ اور کارٹلیج کے افعال کی نگرانی اور خلائی اسٹیشن کے باہر سے حیاتیاتی نمونے جمع کرنے والی تحقیقات شامل ہوں گی۔
ویڈیو کال کے دوران دبئی کے حکمران شیخ محمد نے سلطان النیادی کو بین الاقوامی خلائی اسٹیشن پر بحفاظت پہنچنے پر مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ ’ہم شکر گزار ہیں کہ آپ بحفاظت بین الاقوامی خلائی اسٹیشن پر پہنچ گئے ہیں، میں آپ کو بتانا چاہتا ہوں کہ متحدہ عرب امارات اور عرب دنیا کے نوجوان آپ کو ایک مثال کے طور پر لے رہے ہیں اور آپ کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہیں۔‘
اماراتی خلاباز نے کہا کہ ’ہمارے پاس بڑی تعداد میں سائنسی تجربات ہیں جن میں متحدہ عرب امارات بھی حصہ لے گا۔‘
خلا باز کا کہنا تھا کہ ’ایک دن لوگ چاند اور مریخ پر جائیں گے، ہمیں اپنے جسم پر مائیکرو گریویٹی کے اثرات کو سمجھنا ہوگا، یہ ان تجربات میں سے ایک ہے جو ہم روزانہ کی بنیاد پر کرتے ہیں، ہمیں جسم پر خلا کے اثرات کی نگرانی کرنی ہے تاکہ ہم مستقبل میں اس سے بچ سکیں۔‘
دبئی کے حکمران نے کہا کہ ’بین الاقوامی خلائی اسٹیشن پر 6 ماہ کے طویل مشن پر پہلے عرب خلاباز سلطان النیادی نوجوانوں کے لیے مستقبل کے نئے دروازے کھول رہے ہیں، سلطان ہمارے روشن مستقبل کی نمائندگی کررہے ہیں۔‘
یاد رہے کہ 41 سالہ سلطان النیادی 200 سے زیادہ تجربات میں حصہ لیں گے جو زمین کے مدار سے باہر زندگی کے امکانات کے لیے تیاری کے ساتھ ساتھ زمینی حیات کو بھی فائدہ پہنچائیں گے۔