منوج باجپائی فلم’ستیا‘ کی کامیابی کے بعد 8 ماہ فلم انڈسٹری سے دور کیوں رہے؟

منوج باجپائی فلم’ستیا‘ کی کامیابی کے بعد 8 ماہ فلم انڈسٹری سے دور کیوں رہے؟


معروف بھارتی اداکار منوج باجپائی فلم’ستیا‘ کی کامیابی کے بعد 8 ماہ تک  فلم انڈسٹری سے دور رہے۔

منوج باجپائی نے اپنے ایک حالیہ انٹرویو میں رام گوپال ورما کی فلم ’ستیا‘ میں اپنے کردار ’بھیکو مہاترے‘ کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ اس کردار سے نہ صرف مجھے شہرت ملی بلکہ بطور ممبئی گینگسٹر شاندار اداکاری پر مجھے کئی ایوارڈز بھی ملے۔

اُنہوں نے کہا کہ ’اس فلم کی مقبولیت کے بعد تمام فلمسازوں نے مجھے اپنی فلموں میں صرف ویلن کے کرداروں کی پیشکش کرنا شروع کردی‘۔

اُنہوں نے مزید کہا کہ ’میں مضبوطی سے اپنے اس فیصلے پر قائم رہا کہ مجھے اب کسی فلم میں منفی کردار نہیں کرنا اور میں تمام پیشکشوں کو ٹھکراتا رہا اور 8 ماہ تک فارغ بیٹھا رہا‘۔

منوج باجپائی نے بتایا کہ مجھے جو منفی کردار آفر ہورہے تھے وہ سب سپر اسٹارز کے مخالف تھے اور معاوضہ بھی بہت اچھا مل رہا تھا لیکن میں نے کچھ اور سوچ رکھا تھا، اس لیے اتنے سارے پیسوں اور کام سے انکار کر رہا تھا جوکہ میرے لیے بہت مشکل تھا۔

اُنہوں نے کہا کہ ’اس وقت مجھے نہیں معلوم تھا کہ میں یہ صحیح کررہا ہوں یا غلط‘۔

واضح رہے کہ فلم ’ستیا‘ کے بعد منوج باجپائی نے رام گوپال ورما کے ساتھ دوبارہ 1999ء میں فلم ’کون‘ اور 2002ء میں فلم ’روڈ‘ میں کام کیا۔

اس کے علاوہ اداکار کو کچھ فلموں میں مرکزی کردار ادا کرنے کا موقع بھی ملا جیسے کہ 1999ء کی فلم ’شول‘، 2000ء کی فلم ’دل پہ مت لے یار‘، اور2001ء کی فلم ’عکس‘۔

شرمیلا ٹیگور، سمرن اور سورج شرما کے ساتھ منوج باجپائی کی اگلی فلم ’گل موہر‘ رواں سال 3 مارچ کو ڈزنی پلس ہاٹ اسٹار پر ریلیز ہوگی۔


اپنا تبصرہ لکھیں