پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان کی سابقہ اہلیہ جمائمہ گولڈ اسمتھ کا مارچ میں پاکستان آنے کا امکان ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان کی سابقہ اہلیہ جمائمہ گولڈ اسمتھ اپنی فلم ’واٹس لو گاٹ ٹو ڈو ود اِٹ‘ کیلئے پاکستان آئیں گی۔
فلم ’واٹس لو گاٹ ٹو ڈو ود اِٹ‘ میں پاکستانی ثقافت کو اجاگر کیا گیا ہے، اس کی کاسٹ میں پاکستانی اداکارہ سجل علی شامل ہیں۔
اس سے قبل برطانوی نشریاتی ادارے سے گفتگو میں پروڈیوسر اور اسکرین رائٹر جمائمہ گولڈ اسمتھ نے اپنی فلم واٹس لو گاٹ ٹو ڈو وِد اِٹ (What’s Love Got To Do With It) سے متعلق بات چیت کی اور بتایا تھا کہ یہ فلم ان کی اپنی زندگی کی عکاسی کرتی ہے۔
انہوں نے گفتگو میں کہا تھا کہ فلموں میں مسلمانوں کی مثبت تصویر بہت کم دکھائی جاتی ہے، پاکستانیوں کو ہمیشہ دہشتگرد یا خودکش بمبار کے طور پر دکھایا جاتا ہے۔
برطانوی پروڈیوسر نے اپنے بچوں کے ساتھ سفر کے تجربے کا تذکرہ کیا اور کہا تھا کہ میں جب بھی بیٹوں کے ساتھ کسی دوسرے ملک جاتی ہوں، خاص طور پر امریکہ، تو انہیں پاکستانی ناموں کی وجہ سے غیر معمولی پوچھ گچھ کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
انہوں نے کہا تھا کہ جب سفر کے لیے ائیرپورٹ جاتے ہیں تو پرواز پر بیٹھنے سے قبل کئی گھنٹے انتظار کرنا پڑتا ہے، اس کے برعکس مجھ سے کوئی پوچھ گچھ نہیں ہوتی۔
برطانوی فلم پروڈیوسر جمائمہ گولڈ اسمتھ نے بتایا تھا کہ ایسی فلم بنانا بہت مشکل ہے جہاں امریکا میں اچھے مسلمان ہوں، میرے خیال میں اسلاموفوبیا نسل پرستی کتنا بڑا اور ایک حقیقی مسئلہ ہے۔