پاکستان کے معروف اداکار یاسر حسین نے اداکار فیروز خان کی جانب سے فنکاروں کے نمبرز لیک کرنے کی وجہ بتادی ہے۔
حال ہی میں پاکستان کے معروف اداکار اور ہدایتکار یاسر حسین نے ایک نجی ٹی وی چینل کے شو میں شرکت کی جہاں انہوں نے فیروز خان کے ساتھ تنازع کے معاملے پر گفتگو کی۔
شو کے دوران میزبان کی جانب سے سوال کیا گیا کہ فیروز خان نے فنکاروں کے نمبر کیوں لیک کیے؟ سوال کے جواب میں اداکار یاسر حسین نے کہا کہ ’ ان کی اہلیہ اقرا عزیز نے فیروز کے ساتھ مزید کسی بھی ڈرامے میں کام کرنے سے انکار کر دیا تھا اس لیے فیروز نے بدلہ لیتے ہوئے میرا نمبر اور نجی معلومات لیک کیں ‘۔
یاسر حسین نے کہا کہ ’ انہیں تاحال ان کے فون پر کالز اور پیغامات موصول ہوتے رہتے ہیں جس کی وجہ سے انہیں مشکلات کا سامنا ہے ‘۔
واضح رہے کہ فیروز خان نے اہلیہ پر تشدد کرنے کے الزامات لگانے والوں کو قانونی نوٹس بھیجا تھا، جس کی تصویر انہوں نے سوشل میڈیا پر شیئر کی تھی، تاہم اس کی وجہ تمام فنکاروں کی نجی معلومات لیک ہو گئی تھیں۔