کھجور کے مزید طبی فوائد سامنے آگئے

کھجور کے مزید طبی فوائد سامنے آگئے


  کراچی: کھجور کو سپرفوڈ کہا جائے تو غلط نہ ہوگا۔ ہزاروں برس سے یہ صحت بخش میوہ انسانیت کا دوست رہا ہے اور اب سائنسی تحقیق سے اس کے مزید ایسےفوائد سامنے آئے ہیں جن سے ہم ناواقف تھے۔

اپنے اندر غذائی حراروں سے مالامال کھجور پورے دن توانائی فراہم کرتی ہے اور اب بھی دنیا کے کئی معاشروں میں روزانہ کے معمولات میں شامل ہیں۔ اس میں مفید شکریات، وٹامن اے ، وٹامن بے اور سکس بھی وافر مقدار میں پایا جاتا ہے۔ اس کے علاوہ کیلشیئم، تانبے، سلفر اور میگنیشیئم کی بڑی مقدار پائی جاتی ہے۔ تاہم کھجور کھانے کے چند اہم فوائد یہ ہے۔

فطری پیدائشی عمل میں مددگار

جو مائیں دورانِ حمل کھجور کھانے کو معمول بنالیں ان میں فطری طریقے سے زچگی کے امکانات بڑھ جاتے ہیں۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ کھجور میں کئی اقسام کے کیمیکل پائے جاتے ہیں جو اس عمل میں بہت اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ یہ کیمیائی اجزا بچے کی پیدائش کے دوران آکسی ٹائسن کی ضرورت کم کرتی ہے۔

دماغی ٹانک

کھجور میں ایسے اجزا پائے جاتے ہیں جو دماغ کی حفاظت کرتے ہیں۔ دماغ میں پیدا ہونے والا سوزشی کیمیکل، انٹرلیوکِن نہ صرف دماغ کے لیے مضر ہوتا ہے بلکہ یہ تناؤ کی وجہ بھی بنتا ہے۔ کھجور میں شامل اہم اجزا انٹرلیوکن اور دیگر مضر سائٹوکِن کا قلع قمع کرتے ہیں۔

ذیابیطس میں مفید

کھجوریں انسانی جسم میں جاکر انسولین کے افراز کو بڑھاتی ہیں اور اس سے ذیابیطس کا خطرہ بھی دور ہوجاتا ہے۔ باقاعدہ کھجور کھانے سے آپ ذیابیطس سے بچ سکتے ہیں اور اسے احتیاطی (پریوینٹو) طب میں نمایاں مقام حاصل ہے۔

گردوں کی محافظ

ایک سائنسی تحقیق سے معلوم ہوا ہے کہ کھجور گردوں کے لیے بہت مفید ثابت ہوسکتی ہیں۔ کھجوروں میں موجود کچھ اجزا خون میں کریٹینائن کو کم کرتے ہیں جن کی بڑھی ہوئی مقدار گردوں کو نقصان پہنچاتی ہے۔

تولیدی قوت میں اضافہ

کھجور میں جابجا مفید کیمیکل اور دیگر اجزا پائے جاتے ہیں جو مادہ منویہ میں اسپرم کی تعداد بڑھاتے ہیں۔ اس میں موجود کئی اہم فلے وینوئڈز اور امائنو ایسڈ مردانہ قوت میں بھی اضافہ کرتے ہیں۔

کھجور اور ہڈیوں کی صحت

جیسا کہ ہم نے اوپر بیان کیا کہ کھجور میں سیلینیئم، مینگنیز، میگنیشیئم اور تانبا وغیرہ بہت پایا جاتا ہے۔ اس سے ہڈیوں کی بڑھوتری اور مضبوطی بڑھتی ہے۔ اگرآپ کی ہڈیاں کمزور ہیں تو کھجور ضرور کھائیں کیونکہ یہ ہڈیوں کا بہترین ٹانک ہے۔

جلد کے لیے مفید

کھجور میں وٹامن سی اور ڈی سمیت کئی اہم وٹامن پائے جاتے ہیں جو جلد کو بہتر بنات ےہیں اور اس کے تابانی بڑھاتے ہیں۔ وٹامن سی اور ڈی ویسے بھی ہمارے لیے بہت اہمیت رکھتے ہیں لیکن یہاں یہ جلد کی لچک بڑھاتے ہیں۔

کھجور اور صحتِ معدہ

کھجوروں میں فائبر کی وسیع مقدار پائی جاتی ہے اور یہ قبض دور کرکے نظامِ ہاضمہ کو قوی بناتی ہے۔


اپنا تبصرہ لکھیں