رئیل می کا محض 9 منٹ میں فل بیٹری چارج کرنے والا چارجر پیش کرنے کا اعلان

رئیل می کا محض 9 منٹ میں فل بیٹری چارج کرنے والا چارجر پیش کرنے کا اعلان


چینی موبائل کمپنی رئیل می نے رواں ماہ فروری کے اختتام تک اپنا بہترین اور طاقتور فون جی ٹی تھری پیش کرنے کا اعلان کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ مذکورہ فون کی بیٹری محض ساڑھے منٹ میں چارج کی جا سکے گی۔

اس وقت دنیا کی مختلف کمپنیوں کی جانب سے طاقتور چارجر پیش کیے جا چکے ہیں جو کہ 15 سے 18 منٹ تک 100 فیصد بیٹری چارج کرنے کے اہل ہیں، تاہم رئیل میں نے اب سب سے تیز چارجر پیش کرنے کا اعلان کردیا۔

کمپنی کی جانب سے رئیل می جی ٹی تھری کے جاری کیے گئے ٹیزر میں دیکھا جا سکتا ہے کہ فون کی بیٹری محض 9 منٹ 37 سیکنڈ میں 100 فیصد فل ہوگئی۔

ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ محض 80 سیکنڈ میں 20 فیصد بیٹری چارج ہوگئی جب کہ 4 منٹ میں 50 فیصد بیٹری چارج ہوگئی۔

ویڈیو سے معلوم ہوتا ہے کہ رئیل می جی ٹی تھری کی 100 فیصد بیٹری محض 9 منٹ 37 سیکنڈ میں چارج ہوجاتی ہے۔

کمپنی کی جانب سے رئیل می جی ٹی تھری کو 240 واٹ کے فاسٹ چارجر کے ساتھ پیش کیا جائے گا جب کہ اس کے 6400 ایم ای ایچ کی طاقتور اور بڑی بیٹری دی جائے گی۔

علاوہ ازیں کمپنی کی جانب سے 150 واٹ کے فاسٹ چارجر کے ساتھ 5 ہزار ایم اے ایچ بیٹری کے ماڈیول کو بھی پیش کیے جانے کا امکان ہے۔

کمپنی کی جانب سے رئیل می جی ٹی تھری کو فروری کے اختتام تک پیش کیے جانے کا امکان ہے جس کے بیک پر تین کیمرے دیے جانے کی خبریں ہیں جب کہ فرنٹ پربھی جدید ٹیکنالوجی کا حامل سیلفی کیمرا دیا جائے گا۔

رئیل می جی ٹی تھری کو اس کی طاقتور بیٹری اور فاسٹ چارجر کی وجہ سے پیش ہونے سے پہلے ہی شہرت حاصل ہو چکی ہے، تاہم ساتھ ہی خیال کیا جا رہا ہے کہ فون کو بہترین کیمرا فیچرز کے ساتھ پیش کیا جائے گا۔

فون کو فروری کے اختتام تک ابتدائی طور پر چند ممالک میں پیش کیے جانے کا امکان ہے اور اس کی قیمت پاکستانی ایک سے ڈیڑھ لاکھ روپے تک رکھے جانے کا امکان ہے۔


اپنا تبصرہ لکھیں