سونو نگم پر کنسرٹ میں حملہ، مقدمہ درج

سونو نگم پر کنسرٹ میں حملہ، مقدمہ درج


ممبئی میں ہونے والے کنسرٹ کے دوران بالی ووڈ کے مقبول ترین اور ورسٹائل گلوکار سونو نگم اور ان کی ٹیم پر حملہ ہوگیا تاہم وہ محفوظ رہے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق سونو نگم چیمبور میں ایک فیسٹیول کے دوران پرفارم کر رہے تھے کہ ایک مقامی ایم ایل اے، جس کا تعلق شیو سینا پارٹی سے ہے، کے بیٹے نے اپنے دوستوں کے ہمراہ گلوکار کی منیجر سائرہ کے ساتھ بدتمیزی کی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق کنسرٹ کے دوران مقامی ایم ایل اے کے بیٹے نے سونو نگم سے ملنے اور تصویر بنوانے کی کوشش کی جس پر ان کے باڈی گارڈز نے روکا تو معاملہ ہاتھا پائی تک پہنچ گیا۔

اس دوران سونو نگم کے دو ساتھی زخمی ہوگئے جہنیں مقامی اسپتال منتقل کردیا گیا ہے تاہم سونو نگم محفوظ رہے۔

واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہے جس میں سونو نگم کے ساتھ کچھ لوگوں کو ہاتھا پائی کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔

دوسری جانب مہاراشٹرا ریاستی کمیشن برائے خواتین کی رکن سپردا پھترپیکر نے خود کو چیمبر فیسٹیول کے منتظم کے طور پر شناخت کرواتے ہوئے ٹوئٹ کیا اور کہا کہ انتظامیہ سونو نگم اور ان کی ٹیم سے معذرت خواہ ہے۔

انہوں نے ایک اور ٹوئٹ میں بتایا کہ وہ ان کا بھائی تھا جو گلوکار کے ساتھ سیلفی لینے کی کوشش کر رہا تھا۔

انہوں نے بتایا کہ اس واقعے میں سونونگم  محفوظ رہے تاہم جو زخمی ہوا اسے اسپتال منتقل کردیا گیا جہاں علاج کے بعد وہ ڈسچارج ہوگیا ہے۔

انہوں نے لوگوں سے بھی اپیل کی کہ وہ اس واقعے کو سیاسی رنگ دینے کی کوشش کرنے والوں پر یقین نہ کریں۔

پولیس نے بھی اس واقعے کی تصدیق کی ہے جبکہ سونو نگم اس واقعے کی رپورٹ درج کروانے پولیس اسٹیشن پہنچ گئے ہیں۔ پولیس کے مطابق وہ اس معاملے کی تحقیقات کر رہے ہیں۔


اپنا تبصرہ لکھیں