فلم کے پریمیئر پر جمائما کا پاکستان سے منفرد انداز میں اظہارِ محبت

فلم کے پریمیئر پر جمائما کا پاکستان سے منفرد انداز میں اظہارِ محبت


معروف برطانوی اسکرین رائٹر، سابق وزیرِ اعظم عمران خان کی سابقہ اہلیہ جمائما گولڈ اسمتھ نے اپنی فلم ’واٹس لو گاٹ ٹو ڈو وِد اِٹ؟‘ کے پریمیئر کے موقع پر پاکستان سے محبت کا منفرد اظہار کیا ہے۔

حال ہی میں جمائما کی رومانوی کامیڈی فلم ’واٹس لو گاٹ ٹو ڈو وِد اِٹ؟‘ کا رنگا رنگ پریمیئر لندن میں لیسٹر اسکوائر کے اوڈین لکس سنیما میں ہوا۔

اس پریمیئر میں فلم کی پوری کاسٹ نے بھرپور شرکت کی، لیکن پنک کارپٹ پر توجہ کا مرکز بنیں فلم کی پروڈیوسر اور اسکرپٹ رائٹر جمائما گولڈ اسمتھ جو اپنے بچوں سلیمان، قاسم اور ٹیریان وائٹ کے ہمراہ آئی تھیں۔

جمائما نے پریمیئر میں شرکت کے دوران پاکستان سے محبت کا اظہار کرنے کے لیے سبز رنگ کے لباس کا انتخاب کیا اور صرف اتنا ہی نہیں بلکہ اُنہوں نے اپنے ناخنوں پر نیل آرٹ کے ذریعے پاکستانی پرچم بھی بنوایا۔

سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہو رہی ہے جس میں اُنہیں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیمرے کے سامنےخوشی سے پاکستانی پرچم والا اپنا نیل آرٹ دِکھاتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔

واضح رہے کہ فلم ’واٹس لو گاٹ ٹو ڈو وِد اٹ؟‘ جمائما گولڈاسمتھ نے چیئرمین تحریکِ انصاف عمران خان کے ساتھ شادی کے بعد پاکستان میں گزرے وقت سے متاثر ہو کر لکھی ہے۔

اس فلم کی نمائش آسٹریلیا میں ہو چکی ہے جبکہ 24 فروری کو اسے برطانیہ میں بھی ریلیز کر دیا جائے گا۔

اس فلم کو ریلیز سے قبل مختلف فلم فیسٹیولز میں پیش کیا جا چکا ہے۔


اپنا تبصرہ لکھیں