‎پی ایس این ٹی ڈیلس کی جانب سے ابرار ہاشمی کے اعزاز میں الوداعی تقریب کا انعقاد


ڈیلس : رپورٹ راجہ زاہد اختر خانزادہ /جاگو نیوز

پاکستان سوسائٹی آف نارتھ ٹیکسس کی جانب سے پاکستان قونصلیٹ جنرل ہیوسٹن ابرار ہاشمی کے اعزاز میں ایک پروقار تقریب ریاست ٹیکسس کے شہر ڈیلس میں منعقد ہوئی جس میں ڈیلس کی مختلف سماجی و کاروباری شخصیات کی کثیر تعداد شریک ہوئی اور ابرار ہاشمی کو انکی خدمات پر خراج تحسین پیش کیا۔
صدر پی ایس این ٹی عابد ملک کی جانب سے منعقدہ اس پروقار تقریب سے خطاب کرتے ہوئے قونصل جنرل ہیوسٹن ابرار ہاشمی کے بتایا کہ حکومت پاکستان نے انہیں نئی زمہ داری سونپتے ہوئے نیپال کا سفیر مقرر کیا ہے، انکی ہیوسٹن میں تعیناتی کے دوران انہوں نے مکمل ایمانداری کے ساتھ فرائض نبھائے اور کمیونٹی کی خدمت کی۔ انہوں نے کہا ٹیکسس میں بالخصوص ڈیلس میں مقیم پاکستانی کمیونٹی نے جو پیار اور احترام دیا اسے وہ کبھی فراموش نہیں کر سکتے۔
تقریب کا آغاز تلاوت قرآن پاک سے ہوا جبکہ اس موقع پر سابق صدر پاکستان پرویز مشرف کے انتقال پر انکی مغفرت کے لئے دعا اور فاتحہ خوانی بھی کی گئی۔


تقریب میں میزبانی کے فرائض پی ایس این ٹی کے سیکرٹری جنرل عابد بیگ نے ادا کئے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے صدر پاکستان سوسائٹی آف نارتھ ٹیکسس عابد ملک نے حاضرین کا انکی آمد پر شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ابرار ہاشمی سفارتکاری کا بہترین تجربہ رکھتے ہیں اور ان کی بطور قونصل جنرل خدمات قابل ستائش رہی ہیں۔ میں پی ایس ایس این ٹی کی جانب سے انکا شکریہ ادا کرتا ہوں۔ اس موقع پر عابد ملک نے پی ایس این ٹی کے آئندہ صدر سلمان تابانی کا اعلان بھی کیا اور کہا کہ مجھے پی ایس این ٹی کی صدارت کے دوران اپنی کمیٹی کا مکمل تعاون رہا جس پر میں ان اب کا مشکور ہوں۔ انہوں نے اس موقع پر پاکستانی کمیونٹی کا بھی شکریہ ادا کیا۔


اس تقریب میں پاکستانی نژاد ٹیکساس اسٹیٹ ریپریزنٹیٹو سلمان بھوجانی بھی اپنی اہلیہ کے ہمراہ شریک ہوئے۔ اس موقع پر انہوں نے حاضرین کو ریاست ٹیکساس میں ہونے والی قانون سازی کے عمل سے آگا کیا اور کہا کہ وہ تین اہم بلز پیش کرنے جا رہے ہیں جن میں تمام تمام اقلیتی کمیونٹی کے مذہبی تہوار عیدین، دیوالی اور دیگر پر تعطیل کا بل بھی شامل ہے۔ انہوں نے کہا میرے دروازے کمیونٹی کے لئے ہمیشہ کھلے ہیں۔ وہ پہلے پاکستانی نژاد امریکی ہیں جو ٹیکساس ہاؤس میں منتخب نمائندگی کر رہے ہیں۔


اپنا تبصرہ لکھیں