ملٹی نیشنل امریکی کمپنی موٹرولا نے خاموشی سے ’جی‘ سیریز کے دو فونز کو پیش کردیا، انہیں کمپنی کے رواں سال کے سستے اور معیاری فونز قرار دیا جا رہا ہے۔
موٹرولا جلد ہی مزید دو فونز کو بھی پیش کرنے والا ہے، تاہم کمپنی نے اب ’موٹو جی 53‘ اور ’موٹو جی 73‘ کو پیش کردیا۔
موٹو جی 73
کمپنی نے اس موبائل کو 5۔6 انچ اسکرین میں اینڈرائیڈ 13 کے آپریٹنگ سسٹم کے ساتھ پیش کیا ہے۔
فون میں میڈیا ٹیک ڈیمنسٹی 930 کی چپ اور ڈیمنسٹی 920 کا سی پی یو دیا گیا ہے۔
فون کو ایک ہی ماڈیول یعنی 8 جی بی ریم 256 جی بی اسٹوریج کے ساتھ پیش کیا گیا ہے۔
موٹو جی 73 کے بیک پر دو کیمرے دیے گئے ہیں، جس میں سے مین کیمرا 50 میگا پکسل کا ہے جب کہ دوسرا 8 میگا پکسل کا دیا ہے۔
فون کے فرنٹ پر 16 میگا پکسل کا سیلفی کیمرا دیا گیا ہے اور فون میں فائیو جی سپورٹ کا فیچر دیا گیا ہے۔
پانچ ہزار ایم اے ایچ بیٹری کے حامل فون میں 33 واٹ کا فاسٹ چارجر دیا گیا ہے۔
کمپنی نے فوری طور پر فون کی قیمت کا اعلان نہیں کیا، تاہم اس کی قیمت پاکستانی 65 ہزار روپے تک ہونے کی اطلاعات ہیں۔
اس فون کو کمپنی نے فوری طور پر صرف یورپ میں پیش کیا ہے، تاہم جلد ہی اسے پاکستان سمیت ایشیا کے دوسرے ممالک میں بھی پیش کردیا جائے گا۔
موٹو جی 53
کمپنی نے اس فون کو بھی 5۔6 انچ اسکرین اور فائیو جی سپورٹ کے ساتھ پیش کیا ہے۔
موٹو جی 53 کو مختلف یعنی 4، 6 اور 8 جی بی ریم کے ماڈیول میں پیش کیا گیا ہے، اسی طرح اسے مختلف میموریز ماڈیولز میں بھی متعارف کرایا گیا ہے۔
اس فون میں بھی 5 ہزار ایم اے ایچ بیٹری دی گئی ہے، تاہم اس میں 18 واٹ کا چارجر دیا گیا ہے۔
اس فون کے بیک پر بھی دو کیمرے ہیں، جس میں سے مین کیمرا 50 میگا پکسل کا ہے جب کہ دوسرا 8 میگا پکسل کا ہے۔
موٹو جی 53 کے فرنٹ پر بھی 16 میگا پکسل کیمرا دیا گیا ہے اور اسے بھی اینڈرائیڈ 13 کے آپریٹنگ سسٹم میں پیش کیا گیا ہے۔
اس فون کی قیمت ماڈیولز کے حساب سے مختلف رکھی گئی ہے اور اس کے کم جی بی ماڈیول کی قیمت 39 ہزار روپے جب کہ 8 جی بی ماڈیول کی قیمت 65 ہزار روپے تک ہونے کی امید ہے۔
اس فون کو بھی کمپنی نے ابتدائی طور پر صرف یورپ میں پیش کیا ہے، تاہم امکان ہے کہ اسے بھی جلد پاکستان سمیت دیگر ایشیائی ممالک میں پیش کیا جائے گا۔