پاکستان نے نیوزی لینڈ کے خلاف تیسرے ایک روزہ میچ میں مقررہ 50 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 280 رنز بنالیے۔
کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے تیسرے ایک روزہ میچ میں قومی ٹیم نے نیوزی لینڈ کو 281 رنز کا ہدف دیدیا۔ دونوں ٹیموں کے دوران سیریز ابھی ایک ایک سے برابر ہے۔
قومی ٹیم کے کپتان بابراعظم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔ ابتدا میں پاکستان کے بلے بازوں کی کارکردگی مایوس کن رہی۔ اوپنر شان مسعود صفر جبکہ کپتان بابراعظم 4 رنزبناکر پویلین لوٹ گئے، 21 کے مجموعی اسکور پر دو وکٹیں گرنے کے بعد فخز زمان اور محمد رضوان نے 153 رنز کی پارنٹرشپ قائم کی تاہم رضوان 77 رنز بناکر وکٹ گنوا بیٹھے، فخرزمان 101 رنز بنا کر رن آؤٹ ہوئے جبکہ حارث سہیل بھی 22 رنز بنا کر رن آؤٹ ہوگئے۔
آغا سلمان نے 45 رنز کی اہم اننگ کھیلی تاہم وہ نصف سینچری مکمل نہ کرسکے اور گیند کو باؤنڈری سے باہر پھینکنے کی کوشش میں کیچ آؤٹ ہوگئے۔
نیوزی لینڈ کی جانب سے سوتھی نے 3، لوکی فرگوسن نے 2 جب کہ مچل بریسویل اور ایش سودھی نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ فخر زمان اور حارث سہیل رن آؤٹ ہوئے۔
میچ کے آغاز سے قبل گفتگو میں کپتان بابر اعظم نے کہا تھا کہ کوشش ہوگی فتح سمیٹ کر سیریز اپنے نام کریں۔ قومی ٹیم میں دو تبدیلیاں کی گئی تھیں، انجری کے باعث امام الحق کی جگہ نائب کپتان شان مسعود جب کہ نسیم شاہ کی جگہ محمد حسنین کو موقع دیا گیا ہے۔
اس موقع پر کیوی کپتان کین ولیمسن نے کہا کہ ٹاس جیتتے تو پہلے بیٹنگ کرتے تاہم کوشش ہوگی پاکستان کو جلد آؤٹ کر کے میچ کے ساتھ سیریز میں کامیابی سمیٹیں۔
پاکستان کا اسکواڈ
کپتان بابراعظم، شان مسعود، فخر زمان، محمد رضوان، حارث سہیل، آغا سلمان، محمد نواز، اسامہ میر، محمد وسیم، محمد حسنین اور حارث رؤف
نیوزی لینڈ کا اسکواڈ
کپتان کین ولیمسن، فن ایلن، ڈیون کانوے، ڈیرل مچل، ٹام لیتھم، گلین فلپس، مچل پریسویل، مچل سینٹنر، اش سودھی، ٹم ساؤتھی اور لوکی فرگوسن