چینی حکام نے انکشاف کیا ہے کہ آبادی کے لحاظ سے ملک کے تیسرے بڑے صوبے ہنان کی 90 فیصد آبادی کورونا سے متاثر ہوچکی۔
حکام نے مذکورہ انکشاف ایک ایسے وقت میں کیا ہے جب کہ چین میں کورونا کی متعدد نئی اقسام پھیلنے کی خبریں سامنے آ رہی ہیں، جس نے پوری دنیا کو خوف میں مبتلا کر رکھا ہے۔
چین میں نومبر کے اختتام اور دسمبر 2022 کے آغاز میں بڑے پیمانے پر کورونا پھیلنے کی خبریں سامنے آئی تھیں اور خدشہ ظاہر کیا گیا تھا کہ وہاں ایک ماہ میں 25 کروڑ افراد کورونا سے متاثر ہوسکتے ہیں۔
اب چینی صوبے ہنان کے عہدیدار نے انکشاف کیا ہے کہ صوبے کی 90 فیصد آبادی کورونا سے متاثر ہوچکی۔
برطانوی نشریاتی ادارے ’بی بی سی نیوز‘ کے مطابق چینی صوبے ہنان کے عہدیدار کے مطابق صوبے کے 8 کروڑ 85 لاکھ افراد کورونا سے متاثر ہوچکے۔
عہدیدار کے مطابق گزشتہ ماہ دسمبر میں ہنان کے ہسپتالوں اور کلینکس میں مریضوں کی بھرمار دیکھی گئی، جنہیں بخار سمیت کورونا کی دیگر علامتوں کی شکایت تھی۔
عہدیدار نے پریس کانفرنس کے دوران یہ واضح نہیں کیا کہ مذکورہ 8 کروڑ 85 لاکھ کتنے عرصے میں کورونا کا شکار ہوئے، تاہم انہوں نے تصدیق کی کہ صوبے کی 90 فیصد آبادی متاثر ہوچکی۔
انہوں نے صوبے میں کورونا سے ہونے والی ہلاکتوں سے متعلق بھی کوئی معلومات فراہم نہیں کی۔
اس سے قبل چین میں دسمبر میں کورونا کے کیسز سامنے آنے کے بعد امریکا، برطانیہ، کینیڈا، آسٹریلیا اور جنوبی کوریا سمیت متعدد ممالک نے چین سے آنے والے مسافروں کے کورونا ٹیسٹ کرنے کا اعلان کیا تھا اور کہا تھا مثبت رپورٹ آنے پر مسافروں کو قرنطینہ میں رکھا جائے گا۔
چینی حکومت نے امریکا سمیت دیگر ممالک کی جانب سے مسافروں کے کورونا ٹیسٹ کیے جانے کے اعلان پر ناراضگی کا اظہار بھی کیا تھا۔
علاوہ ازیں عالمی ادارہ صحت بھی چین میں دوبارہ کورونا کے پھیلنے پر خدشات کا اظہار کرچکا ہے اور چین سے مطالبہ بھی کیا گیا ہے کہ وہ درست ڈیٹا بھی فراہم کرے۔