پاکستان شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ نادیہ جمیل نے بتادیا کہ اُن کو کینسر کے دوران کن مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
چند سال قبل نادیہ جمیل کو بریسٹ کینسر کی تشخیص ہوئی تھی لیکن وہ اب کینسر سے صحت یاب ہو چکی ہیں۔
حال ہی میں ایک سوشل میڈیا صارف نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر نادیہ جمیل کے کینسر پر طنز کیا اور کہا کہ “ایسا لگتا ہے کہ کینسر نے آپ کے پہلے سے ہی چھوٹے دماغ کو بُری طرح متاثر کیا ہے”۔
سوشل میڈیا صارف نے یہ بھی لکھا کہ “اپنی دماغی صحت کی بہتری کے لیے اپنی مصروف زندگی میں سے کچھ وقت نکالیں”۔
صارف کے اس ٹوئٹ کو نادیہ جمیل نے ری ٹویٹ کیا اور نفرت انگیز کمنٹ کا جواب دیا۔
انہوں نے لکھا کہ “کینسر نے مجھے ذیابیطس کے ساتھ چھوڑ دیا، میں چار دن کوما میں تھی کیونکہ مجھے سیپسس ہو گیا تھا”۔
ان کا کہنا تھا کہ “میرے دائیں پاؤں میں مستقل کیمو کی وجہ سے اعصاب کو نقصان پہنچا ہے جس کی وجہ سے میرے بچوں کو تکلیف ہوئی، میری ماں کو تکلیف ہوئی، میری شادی کو نقصان پہنچا”۔
نادیہ جمیل نے مزید کہا کہ “اس لیے کبھی بھی اتفاقاً مجھ پر تبصرہ نہ کریں کہ مجھے کس کینسر نے چھوڑا ہے”۔
اداکارہ کی اس ٹوئٹ کے بعد سوشل میڈیا صارفین اس پر مختلف تبصرے کر رہے ہیں۔