جرمنی: اسپیس ایکس اور ٹیسلا جیسی کمپنیوں کے مالک مشہور ٹیکنالوجی تاجر، ایلون مسک کی جانب سے ٹویٹر پلیٹ فارم خریدنے کے بعد نہ صرف اس کا اسٹاف فارغ کیا گیا ہے بلکہ ایلون ہی اس کے واحد بورڈ ممبر بھی ہیں۔ نتیجے میں کئی صارفین ٹویٹر چھوڑ چکے اور اس تناظر میں ایک متبادل پلیٹ فارم ’مسٹوڈون‘ کا نام سامنے آیا ہے۔
واضح رہے کہ ٹویٹر کے بلو ٹِک اکاؤنٹ پر پہلے 20 اور بعد میں 8 ڈالرماہانہ کےبعد بھی اس کی مقبولیت پر فرق پڑا ہے۔ اب اسی تناظر میں مسٹوڈون نامی مائیکروبلاگنگ پلیٹ فارم کا تذکرہ سامنے آرہا ہے اور لوگ بڑی تعداد میں وہاں اکاؤنٹ بنارہے ہیں۔ سوشل میڈیا پر اسے ٹویٹر کا متبادل قرار دیا جارہا ہے۔
اگرچہ مسٹوڈون کی مقبولیت تیز ہے لیکن اب بھی یہ ایک چھوٹا سا پلیٹ فارم ہی ہے۔ اس کے سربراہ یوگین روکو نے کہا ہے کہ گزشتہ ماہ 10 لاکھ سے زائد افراد نے اس پر اپنے اکاؤنٹ بنائے ہیں اور کل 62 لاکھ صارفین اس سے وابستہ ہوچکے ہیں
یہ پلیٹ فارم جرمن پروگرامر نے بنایا ہے جن کے مطابق صرف ایک ہفتے میں دو لاکھ تیس ہزار بالکل نئے صارفین اس سےجڑے ہیں۔ جبکہ ٹویٹر پر اس وقت کل صارفین کی تعداد 23 کروڑ 80 لاکھ سے زائد ہے۔ دوسری جانب مسٹوڈون نے مشہور اداکاروں اور شخصیات کو اس کی جانب راغب کرنے کی کوشش کی ہے تاہم امریکی اور یورپی صحافیوں نے بھی اس پر اکاؤنٹ بنائے ہیں۔
مسٹوڈون قدیم ہاتھیوں کو کہا جاتا ہے جو اب ناپید ہوچکے ہیں۔ اس اکاؤنٹ کی سب سے اہم بات یہ ہے کہ یہ مفت، اوپن سورس جسے کراؤڈ فنڈنگ سے بنایا گیا ہے اور ہرقسم کے اشتہار سےپاک ہے۔ یہاں پر بھیجے جانے والے پیغامات کو ٹویٹ کی طرز پر ٹوٹس کہا جاتا ہے۔
اس کے سرورز بھی مختلف جگہوں پر رکھے گئے ہیں جنہیں رضاکار چلاتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ اوپن سورس ہونے کی وجہ سے مسٹوڈون کا ایک صارف بھی اپنے سرور ازخود بناسکتا ہے۔ پھر کمپنی کا مالک بھی اپنا حکم اس پر نہیں جماسکتا اور نہ ہی اکاؤنٹ بند کرسکتا ہے۔ اگر کوئی شر انگیز یا منفی باتیں کرتا ہے تو تمام دیگر سرور اس سے قطع تعلق کرلیں گے اور وہ اپنے چند فالوورز کے ساتھ ہی باقی رہے گا کیونکہ اس کے پیغامات مرکزی پلیٹ فارم سے ہٹ جائیں گے۔
تاہم مسٹوڈون پر انسان دشمنی، ٹرانس جینڈر دشمنی، نسل پرستی اور تعصب برداشت کرنے کا عنصر صفر رکھا گیا ہے۔