دنیا کی سب سے بڑی انسٹنٹ میسیجنگ ایپلی کیشن واٹس ایپ پر متعدد چیٹ گروپس کو ایک ہی باکس میں رکھنے کا فیچر ’کمیونٹیز‘ پیش کردیا گیا۔
واٹس ایپ کی مالک کمپنی ’میٹا‘ کے بانی مارک زکربرگ نے اپنی پوسٹ میں ’کمیونٹیز‘ فیچرز کو متعارف کرانے کا اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ اس سے ایپلی کیشن میں گروپس سے معلومات حاصل کرنے والے افراد کو آسانی ہوگی۔
انہوں نے بتایا یہ ’کمیونٹیز‘ فیچرز کے تحت متعدد گروپس کو ایک ہی باکس میں شامل کیا جا سکے گا اور گروپ ایڈمن سمیت صارفین ایک ہی باکس میں جاکر معلومات حاصل کرنے سمیت معلومات کو منتقل بھی کر سکیں گے۔
اسی حوالے سے واٹس ایپ نے اپنی بلاگ پوسٹ میں بتایا کہ ’کمیونٹیز‘ فیچرز کو تین نومبر سے دنیا بھر میں پیش کردیا گیا، تاہم مذکورہ فیچر بہت سارے لوگوں تک پہنچنے میں کئی ہفتے لے سکتا ہے۔
پوسٹ میں تصدیق کی گئی کہ تمام صارفین تک مذکورہ فیچر پہنچنے میں چند ماہ لگ سکتے ہیں۔
’کمیونٹیز‘ فیچرز کے تحت کوئی بھی ایڈمن ایک جیسے متعدد گروپ ایک ساتھ ایڈ کرنے کے قابل ہوگا اور وہ ایک ہی چیٹ سے تمام گروپس میں میسیج بھیجنے کا اہل بھی ہوگا۔
اسی طرح عام صارفین بھی کمیونٹیز میں ایک جیسے تمام گروپس میں ایک ساتھ شامل کر سکیں گے اور صارفین ایک ہی چیٹ میں ہر طرح کے گروپ کے میسیج دیکھ سکیں گے۔
ممکنہ طور پر مذکورہ فیچر کو بہتر اور محفوظ بنانے کے لیے ’کمیونٹیز‘ کے فیچر میں شامل گروپ کے ارکان کے نمبرز واٹس ایپ چھپا دے گا۔
مذکورہ فیچر ٹوئٹر کی ٹوئٹ ڈیک کی طرح ہی کام کرے گا، جیسے ٹوئٹ ڈیک پر کوئی بھی صارف بیک وقت متعدد ٹوئٹر اکاؤنٹ کھولنے کے اہل ہوتا ہے۔ اسی طرح یہ فیچر میسیجنگ ایپ ٹیلی گرام کے ’چینلز‘ کی طرح کام کرے گا، جہاں صارفین بیک وقت متعدد گروپس کو شامل کر سکتے ہیں۔ ’کمیونٹیز‘ کے فیچرز کے تحت صارفین کو تمام گروپ چیٹس میں زیادہ ایموجیز اور مواد شیئر کرنے کے فیچر تک بھی رسائی دے جانے کا امکان ہے۔
’کمیونٹیز‘ کا فیچر استعمال کرنے کے لیے صارفین کو اپنے واٹس ایپ پر کسی بھی گروپ کی چیٹنگ میں جاکر دائیں سائڈ پر بنے مینوئل آئکون میں جانا پڑے گا، جہاں کمیونٹیز نظر آئے گا، اسے کلک کرنے پر کوئی بھی صارف کمیونٹیز کے بلاک بنا کر اس میں گروپس کو شامل کرنے کے اہل ہوگا۔