امریکی خاتون نے بال سنوارنے، بنانے یا سیدھا کرنے والی مصنوعات بنانے والی ملٹی نیشنل کمپنی پر مقدمہ کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ وہ بالوں کو سیدھا کرنے والی مصنوعات کا استعمال کرتے وقت کینسر کا شکار بنیں۔
خبر رساں ادارے ’ایجنسی فرانس پریس‘ (اے ایف پی) کے مطابق امریکی خاتون نے معروف ملٹی نیشنل میک اپ مصنوعات بنانے والی کمپنی ’لوریل‘ پر مقدمہ دائر کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ وہ اسی کمپنی کی مشین استعمال کرتے وقت کینسر کا شکار بنیں۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ خاتون نے کمپنی پر الزام لگایا کہ انہوں نے کمپنی سے بالوں کو سیدھا کرنے والی مصنوعات استعمال کی تھی جس کے بعد وہ رحم مادر کی کینسر میں مبتلا ہوگئی تھیں۔
خاتون نے مقدمے میں بتایا کہ وہ تقریباً 2 دہائیوں سے زائد عرصے سے لوریل کمپنی کی مصنوعات استعمال کررہی تھیں، جس کے بعد وہ بچے دانی کے کینسر میں مبتلا ہوگئیں اور انہیں ’ہسٹریکٹومی‘ نامی سرجری کے عمل سے گزرنا پڑا۔
جینی مچل کے ذاتی وکیل بین کرمپ نے بیان میں کہا کہ ’بالخصوص سیا فام خواتین کے لیے بنائی جانے والی مصنوعات استعمال کرنے سے یہ خواتین کافی عرصے سے اس خطرناک بیماریوں میں مبتلا ہورہی ہیں۔‘
مقدمہ میں دیگر کمپنیوں کے علاوہ امریکا میں فرانسیسی کاسمیٹک کی معروف کمپنی لوریل پر ہرجانے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ’مقدمہ میں ہم کمپنی نے دریافت کریں گے جینی مچل کے ساتھ واقعہ اُن اَن گنت کیسز میں سے ایک ہے جو سیاہ فام خواتین کو گمراہ کرنے کے لیے خطرناک مصنوعات بنائی جاتی ہیں‘۔
اس مقدمہ کے بعد لوریل کمپنی کی جانب سے فوری ردعمل سامنے نہیں آیا۔
خاتون کی جانب سے کمپنی پر مقدمہ دائر کرنے کا واقعہ ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب کہ حال ہی میں یہ تحقیق سامنے آئی تھی کہ بالوں کو سیدھا کرنے سمیت انہیں سنوارنے کی بعض کیمیکل پر مشتمل مصنوعات خواتین کو رحم مادر کے کینسر کا شکار بنا رہی ہیں۔
چند دن قبل نیشنل کینسر انسٹی ٹیوٹ کے جریدے میں شائع تحقیق میں بالوں کو سیدھا کرنے والی کیمیائی مصنوعات کے استعمال اور رحم مادر کے کینسر کے درمیان تعلق کے حوالے سے بتایا گیا تھا۔
تحقیق میں بتایا گیا تھا کہ ایسی خواتین جو 4 سے زائد بار کیمیائی مصنوعات استعمال کرتی ہیں ان میں کیمائی مصنوعات نہ کرنے والی خواتین کے مقابلے رحم مادر کے کینسر میں مبتلا ہونے کے امکانات 2 گنا بڑھ جاتے ہیں۔