کرکٹ کی عالمی جنگ چھڑنے کا نقارہ بج گیا

کرکٹ کی عالمی جنگ چھڑنے کا نقارہ بج گیا


لاہور: ٹی20 ورلڈکپ 2022 کی عالمی جنگ چھڑنے کا نقارہ بج گیا۔

آسٹریلیا میں ٹی20 ورلڈکپ کا کوالیفائنگ مرحلہ اتوار کوشروع ہوگا، سری لنکا، نیدرلینڈز، یواے ای اور نمیبیا کی ٹیمیں گروپ ’’اے‘‘ میں شامل ہیں، ویسٹ انڈیز، آئرلینڈ، زمبابوے اور اسکاٹ لینڈ کو گروپ ’’بی‘‘ میں جگہ ملی، دونوں گروپس میں 2،2 ٹاپ ٹیمیں سپر 12 مرحلے میں شامل ہوں گی۔

گیلونگ میں سری لنکن ٹیم آج نمیبیا کے مقابل ہے، آئی لینڈرز نے پاکستان اور بھارت جیسی مضبوط ٹیموں کی موجودگی میں ایشیا کپ جیت کر دنیائے کرکٹ کو حیران کردیا تھا۔ کھلاڑی اس کارکردگی کو دہرانے کیلیے پْرعزم ہیں، انجریز کی وجہ سے باہر رہنے والے دشمانتھا چمیرا اور لاہیرو کمارا اسکواڈ میں واپس آچکے جبکہ وانندو ہسارنگا اور مہیش تھیکشانا کی موجودگی میں اسپن کا شعبہ بھی مضبوط ہے۔

دوسری جانب نمیبیا کی امیدوں کا محور آل راؤنڈر ڈیوڈ ویزا ہوں گے،اسٹیفن بارڈ اور گیر ہارڈ ایراسمس بھی حریفوں کے چھکے چھڑا سکتے ہیں۔

گروپ ’’اے‘‘ کا دوسرا مقابلہ بھی گیلونگ میں ہی ہوگا جس میں اسکاٹ ایڈورڈز کی قیادت میں نیدر لینڈز کی گذشتہ میچز کے دوران کارکردگی میں نمایاں بہتری دیکھنے میں آئی ہے، ون ڈے سیریز میں مہمان گرین شرٹس کو آسانی سے فتوحات حاصل نہیں ہوئی تھیں۔

حریف ٹیم یواے ای کی قیادت رضوان کے سپرد ہے، بیٹرز محمد وسیم اور وریتایا اروند اچھی فارم میں ہیں جبکہ بولنگ میں جنید صدیقی اور کارتھک میاپن ٹرمپ کارڈ ثابت ہوسکتے ہیں۔


اپنا تبصرہ لکھیں