ارب پتی ایلون مسک کی دوبارہ ٹوئٹرخریدنے سے متعلق خبروں کی تصدیق

ارب پتی ایلون مسک کی دوبارہ ٹوئٹرخریدنے سے متعلق خبروں کی تصدیق


برطانوی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق ایلون مسک ایک بارپھر ٹوئٹرکی خریداری کی قیمت ادا کرنے پر رضا مند ہوگئے ہیں۔

رپورٹس کے مطابق ایلون مسک کی جانب سے ٹوئٹر کو معاہدے میں طے شدہ رقم 54.20 ڈالر فی شیئر کے حساب سے خریداری کی پیشکش کردی ہے۔

رپورٹس کے مطابق ایلون مسک نے کورٹ روم میں قانونی لڑائی سے گریز کرنے کیلئے، مہینوں تک ٹوئٹر پر بوٹس، جعلی اکاؤنٹس، غلط بیانی جیسے الزامات لگانے کے بعد ایک بار پھر اصل طے شدہ قیمت پر ٹوئٹر کی خریداری کا فیصلہ کیا ہے۔

ایلون مسک اور ٹوئٹر کے درمیان معاہدے کی بحالی کی خبر کے ساتھ ہی ٹوئٹر کے شیئرز کی قدر میں 23 فیصد اضافہ ہو گیا ہے۔

رپورٹس کے مطابق ایلون مسک کی قانونی ٹیم کو عدالتی کارروائی دیکھنے کے بعد یہ اندازا ہو گیا تھا کہ مقدمے کی کارروائی ان کے لیے درست سمت میں آگے نہیں بڑھ رہی، انہیں خدشہ تھا کہ ججز بوٹس اور جعلی اکاؤنٹ کی بات کو اہمیت نہیں دے رہے اس لیے امکان ہے کہ فیصلہ ان کے خلاف آئے گا اس لیے انہوں نے ایلون مسک کو معاہدہ بحال کرنے کا مشورہ دیا۔

یاد رہے کہ ٹوئٹر کے ساتھ 44 ارب ڈالر کے عوض ٹوئٹر خریداری معاہدہ کرنے کے بعد ایلون مسک خریداری معاہدے سے پیچھے ہٹ گئے تھے، جس کے بعد ٹوئٹر نے معاہدے سے پیچھے ہٹنے پر ایلون مسک کے خلاف قانونی جنگ کا آغازکردیا تھا۔


اپنا تبصرہ لکھیں