امریکی ملٹی نیشنل کمپیوٹر و موبائل ٹیکنالوجی کمپنی ایپل نے اب تک کے جدید سیکیورٹی فیچرز سے لیس سستے ترین آئی فونز پیش کردیے۔
ایپل نے جہاں اب تک کے سستے اور بہترین فون متعارف کرادیے، وہیں کمپنی نے نئے واچ اور ایئرپوڈز بھی پیش کردیے۔
یہ خبریں پہلے ہی تھیں کہ کمپنی 8 ستمبر کو اپنے آئی فونز متعارف کرائے گی، تاہم اس بات کے امکانات نہیں تھے کہ کمپنی سستے ترین فونز متعارف کرائے گی۔
ایپل کی جانب سے 8 ستمبر کو کیے گئے ایونٹ میں مجموعی طور پر دو فونز یعنی ’آئی فون 14 پرو’ اور ’آئی فون 14 پرو میکس‘ متعارف کرائے گئے، جنہیں مختلف رنگوں اور ماڈیولز میں پیش کیا گیا ہے۔
اس بار کمپنی نے منی آئی فونز متعارف نہیں کرائے، کیوں کہ کمپنی نے پچھلے سال بھی آئی فون منی پیش نہیں کیے تھے۔
کمپنی نے اس بار کیمرا ٹیکنالوجی میں بہت بڑی تبدیلی لاتے ہوئے اسے اپگریڈ کیا ہے جب کہ پہلی بار فون میں ایسے سیکیورٹی فیچرز دیے گئے ہیں جو تاحال کسی اور کمپنی نے نہیں دیے۔
آئی فون 14 پرو میکس
ایپل کا یہ سب سے بہترین اور سب سے سستا فون ہے، جسے کمپنی نے 7۔6 انچ اسکرین کے ساتھ پیش کیا ہے۔
اس فون کو چار مختلف رنگوں میں فروخت کے لیے پیش کیا گیا ہے اور اسے 6 جی بی ریم اور مختلف میموری سائز میں پیش کیا گیا ہے، اس میں 128 جی بی سے لے کر 512 جی بی میموری کے سائز دیے گئے ہیں۔
فون کے بیک پر پہلے کی طرح تین مرکزی کیمرے دیے گئے ہیں مگر پہلی بار فون میں 48 میگا پکسل کیمرا دیا گیا ہے، اس کے علاوہ باقی دونوں کیمرے 12 میگا پکسل کے دیے گئے ہیں۔
کیمرا ٹیکنالوجی کو اپگریڈ کرتے ہوئے کمپنی نے ان میں مختلف سینسرز بھی دیے ہیں جو نہ صرف تصاویر کو بہترین اور تیزی سے کھینچتے ہیں بلکہ یہ ویڈیو ریکارڈنگ کے لیے بھی بہترین ہیں۔
کمپنی کے مطابق کیمرا ٹیکنالوجی کو اپگریڈ کرتے ہوئے اسے انتہائی کم روشنی میں بھی ویڈیوز اور تصاویر بنانے کے اہل بنایا گیا ہے۔
اسی طرح اس موبائل کے سیلفی کیمرے کو بھی اپگریڈ کرتے ہوئے اسے 12 میگا پکسل کردیا گیا ہے اوراس میں بھی مختلف سینسر دیے گئے ہیں۔
موبائل کے ڈیزائن کو بھی مزید بہتر بناکر ڈسپلے میں بھی جدید ٹیکنالوجی دی گئی ہے جب کہ بیٹری کی زندگی بڑھانے کے لیے موبائل میں ایسا فیچر دیا گیا ہے کہ جیسے ہی موبائل کو جیب میں رکھا جائے گا تو اس کی بیٹری خود بخود بند ہوجائے گی اور موبائل کو نکالنے اور چھونے کے بعد اس کے فیچرز آن ہوجائیں گے۔
موبائل میں آئی او ایس 16 کا آپریٹنگ سسٹم دیا گیا ہے، جسے پہلے سے بہتر بنایا گیاہے اور پہلی بار آئی فون میں ایسے سیکیورٹی فیچرز دیے گئے ہیں جو تاحال کسی موبائل کمپنی نے استعمال نہیں کیے۔
آئی فون میں ایمرجنسی میسیجز اور فون کالز کے سیکیورٹی فیچرز دیے گئے ہیں، یعنی جیسے ہی موبائل کے مالک کے ساتھ کوئی حادثہ ہوگا تو موبائل از خود ایمرجنسی فون یا میسیج کے ذریعے امدادی اداروں کو مطلع کرے گا اور ساتھ ہی صارف کے قریبی رشتے داروں اور دوستوں کو بھی حادثے سے متعلق آگاہ کرے گا۔
علاوہ ازیں فون میں سیٹ لائٹ کی مدد کے ذریعے کال یا پیغامات بھیجنے کی سہولت بھی متعارف کرائی گئی ہے، یعنی جہاں موبائل نیٹ ورک کام نہیں کرے گا، وہیں آئی فون مختلف سیٹ لائٹس کی مدد سے کال کرنے یا پیغام بھیجنے کی سہولت فراہم کرے گا۔
تاہم اس حوالے سے یہ واضح نہیں ہے کہ مذکورہ فیچر امریکا اور کینیڈا کے علاوہ دیگر ممالک میں بھی کام کرے گا یا نہیں؟ تاہم یہ فیچرز امریکا اور کینیڈا میں کام کر سکیں گے۔
اس فون کی قیمت 899 امریکی ڈالر یعنی صرف 900 ڈالر رکھی گئی ہے جب کہ گزشتہ سال آئی فون 13 پرو میکس کی قیمت ایک ہزار ڈالر سے زائد تھی۔
آئی فون 14 پرو
کمپنی نے اس فون 1۔6 انچ اسکرین کے ساتھ پیش کیا ہے اور اس میں بھی باقی تمام وہی فیچرز دیے گئے ہیں جو 14 پرو میکس میں دیے گئے ہیں۔
اس موبائل کو پانچ مختلف رنگوں میں فروخت کے لیے پیش کیا گیا ہے جب کہ اسے بھی 6 جی بی ریم اور مختلف میموری سائز کے ساتھ پیش کیا گیا ہے۔
اس فون میں باقی تمام فیچرز اور چیزیں وہیں ہیں جو آئی فون 14 پرو میکس میں ہیں، البتہ اس کا اسکرین قدرے چھوٹا ہے، جس وجہ سے اس کی قیمت بھی کچھ کم ہے۔
اس فون میں بھی ایمرجنسی کال اور میسیج فیچرز سمیت سیٹ لائٹ کال اور میسیج فیچر بھی دیے گئے ہیں۔
اس فون کی قیمت 799 امریکی ڈالر یعنی صرف 800 امریکی ڈالر ہے اور کمپنی نے پہلی بار اپگریڈ ٹیکنالوجی کے ساتھ ایسے موبائل پیش کیے ہیں، جن کی قیمت پرانے موبائل جتنی ہی رکھی گئی ہے۔
ایپل واچ
کمپنی نے اس بار دو واچ متعارف کرائے ہیں جب کہ امکان تھا کہ کمپنی تین واچ متعارف کرائے گی۔
ایپل نے موبائلز کی طرح واچز کی ٹیکنالوجی کو بھی اپگریڈ کیا ہے اور نئی واچ میں تولیدی صحت سے متعلق فیچرز بھی شامل کیے گیے ہیں۔
واچ 8 سیریز
اس بار واچ میں بھی سیکیورٹی فیچرز شامل کیے ہیں، 8 واچ سیریز میں بھی ایسے فیچرز شامل کیے گئے ہیں جو گاڑی کو پیش آنے والے ممکنہ حادثے کے خطرات سے آگاہ کرتے ہیں۔
یعنی واچ صارف کو کار ڈرائیونگ سمیت سائیکلنگ کے وقت آگاہ کرے گی آگے کس طرح کا رش یا ٹریک ہے اور اس کے ساتھ کیا کچھ پیش آ سکتا ہے۔
اس فیچر کے تحت واچ صارف کو ممکنہ خطرات سے متعلق آگاہ کرے گی۔
واچ 8 سیریز میں انسانی درجہ حرارت کو جانچنے کے فیچرز بھی شامل ہیں۔
اس واچ کی قیمت 499 امریکی ڈالر رکھی گئی ہے۔
الٹرا واچ
اس واچ میں تقریبا وہی فیچرز شامل ہیں جو 8 سیریز میں شامل ہیں، تاہم اس میں تولیدی صحت کے اضافی فیچرز دیے گئے ہیں۔
یعنی اس واچ میں ایسے فیچرز بھی شامل ہیں، جن کو اگر خواتین ایکٹو کریں گی تو واچ انہیں ان کی تولیدی صحت سے متعلق بھی ممکنہ خطرات یا تجاویز سے متعلق آگاہ کرے گی۔
الٹرا واچ ماہواری کے ایام میں بھی خواتین کے جسم کو مانیٹر کرکے انہیں تجاویز فراہم کرے گی کہ جب جس خاتون کے ہاں بچے کی پیدائش متوقع ہوگی، اسے بھی واچ مختلف تبدیلیوں سے متعلق آگاہ کرے گی۔
اس واچ کی قیمت 799 امریکی ڈالر رکھی گئی ہے۔
ایئرپوڈز
کمپنی نے ایئرپوڈز کو بھی جدید فیچرز کے ساتھ پیش کیا ہے اور انہیں اب تک کا بہترین ایئرپوڈز قرار دیا جا رہا ہے۔
کمپنی کے مطابق نئے ایئرپوڈز میں یہ صلاحیت موجود ہے کہ وہ پرانے فونز اور ایئرپوڈز کو آسانی سے ڈھونڈ لیتے ہیں۔
کمپنی کے مطابق ایئرپوڈز میں ایسے فیچرز دیے گئے ہیں کہ اگر انہیں ان کے کیس سے نکالا جائے گا تو وہ مخصوص آواز نکالتے رہیں گے اور ان میں آواز کی کوالٹی کو بھی حقیقی بنانے کے فیچرز شامل کیے گئے ہیں۔
ایئرپوڈز کی قیمت 250 ڈالر تک رکھی گئی ہے۔