روٹرڈیم: پاکستان نے نیدر لینڈز کے خلاف سیریز کے تیسرے اور آخری ون ڈے انٹرنیشنل 6 وکٹوں کے نقصان پر 168 رنز بنالیے۔
روٹرڈیم میں کھیلے جارہے میچ میں پاکستان کیلئے ڈیبیو کرنے والے عبداللہ شفیق محض 2 رنز بناکر وکٹ گنوا بیٹھے، جس کے بعد قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابراعظم نے فخر زمان کے ہمراہ 55 رنز کی پارٹنرشپ قائم کی تاہم اوپنر 26 رنز بناکر لوگان وین بیک کا شکار ہوگئے۔
کپتان بابراعظم نے ذمہ دارانہ اننگز کھیلتے ہوئے 4 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے 91 رنز بنائے تاہم ان کے علاوہ کوئی بلےباز خاطر خواہ کارکردگی دکھانے میں کامیاب نہ ہوسکا۔ سلمان علی آغا 24، خوشدل شاہ 2، محمد حارث 2 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔
نیدر لینڈز کی جانب سے کنگما، شارض احمد، لوگان وین بیک، آریان دت اور ٹام کوپر نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
قبل ازیں کپتان بابراعظم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا، انہوں نے کہا کہ کوشش ہوگی آخری میچ جیت کر سیریز میں 0-3 کی برتری حاصل کریں۔
سیریز کے آخری میچ میں پاکستان نے اسکواڈ میں چار تبدیلیاں کی ہیں، اوپنر امام الحق، نائب کپتان شاداب خان، محمد رضوان اور حارث رؤف کی جگہ عبداللہ شفیق، زاہد محمود، محمد حارث اور شاہنواز دھانی کو فائنل الیون کا حصہ بنایا گیا ہے۔
نوجوان بیٹر عبداللہ شفیق آج نیدر لینڈز کیخلاف ڈیبیو کرنے والے پاکستان کے 238ویں کرکٹر ہوں گے۔
پاکستان کا اسکواڈ:
کپتان بابراعظم، عبداللہ شفیق، فخر زمان، سلمان علی آغا، خوشدل شاہ، محمد حارث، محمد نواز، محمد وسیم، شاہنواز دھانی، نسیم شاہ اور زاہد محمود شامل ہیں۔