پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں تیزی، 100 انڈیکس میں 386 پوائنٹس کا اضافہ

پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں تیزی، 100 انڈیکس میں 386 پوائنٹس کا اضافہ


پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں کاروبار کے دوران تیزی دیکھی گئی اور کے ایس ای 100 انڈیکس میں 386 پوائنٹس کا اضافہ ہوا۔

پی ایس ایکس کی ویب سائٹ کے مطابق بینچ مارک کے ایس ای-100 انڈیکس دوپہر 12 بج کر 26 منٹ تک 386 پوائنٹس یا 0. 91 فیصد اضافے کے ساتھ 42ہزار629 پوائنٹس پر پہنچ گیا۔

گزشتہ روز سیاسی گرما گرمی اور بجلی کے نرخوں میں اضافے کی وجہ سے اسٹاک مارکیٹ گزشتہ 5 روز سے جاری تیزی میں کچھ کمی دیکھی گئی۔

تاہم، آج ٹریڈنگ کے آغاز کے فوری بعد ہی اسٹاک مارکیٹ میں تیزی دیکھی گئی۔

عارف حبیب کارپوریشن کے احسن محنتی نے کہا کہ روپے کی قدر میں اضافے اور وزیر خزانہ مفتاح اسمٰعیل کے اس بیان پر کہ متحدہ عرب امارات پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں ایک ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کرے گا مارکیٹ میں تیزی کو بحال کیا۔

انٹر مارکیٹ سیکیورٹیز میں ریسرچ کے سربراہ رضا جعفری نے کہا کہ روپے کی مسلسل مضبوطی اور انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ (آئی ایم ایف) کی جانب سے لیٹر آف انٹینٹ موصول ہونے خبروں کے باعث اسٹاک مارکیٹ اوپر کی جانب جا رہی ہے۔

وہ اخبار ‘دی نیوز’ میں شائع ہونے والی ایک رپورٹ کا حوالہ دے رہے تھے جس میں وزارت خزانہ کے حکام کے حوالے سے کہا گیا تھا کہ وہ عالمی مالیاتی فنڈ کی جانب سے بہت جلد لیٹر آف انٹینٹ موصول ہونے کی توقع کر رہے ہیں۔

اس سے قبل آج ملک میں ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر میں بہتری کا سلسلہ جاری رہا اور انٹربینک مارکیٹ میں 3 روپے 28 پیسے کا اضافہ ہوا۔

فرسٹ نیشنل ایکوئٹیز لمیٹڈ کے ڈائریکٹر عامر شہزاد نے بھی اسی طرح کے خیالات کا اظہار کیا۔

انہوں نے کہا کہ روپے کی قدر میں بہتری کے بعد مارکیٹ میں مزید تیزی کا رجحان دیکھا جا سکتا ہے۔

عامیر شہزاد نے مزید کہا کہ مارکیٹ میں تیزی کا رجحان آئندہ ہفتے بھی جاری رہ سکتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اگر آئی ایم ایف کی قسط 19 اگست سے پہلے موصول ہو جاتی ہے تو اس کا مطلب یہ ہوسکتا ہے کہ مانیٹری پالیسی میں کوئی تبدیلی نہیں ہو گی جس کے نتیجے میں اسٹاک مارکیٹ میں سرمایہ کاری میں مزید تیزی آئے گی۔


اپنا تبصرہ لکھیں