سام سنگ ایس 23 میں 200 میگا پکسل کیمرا دیے جانے کا امکان

سام سنگ ایس 23 میں 200 میگا پکسل کیمرا دیے جانے کا امکان


خبریں ہیں کہ جنوبی کورین کمپنی ’سام سنگ‘ اپنے گلیکسی سیریز کے نئے فون میں پہلی بار 200 میگا پکسل کا کیمرا متعارف کرائے گی، ساتھ ہی نئے فون میں نئی ٹیکنالوجیز بھی پیش کیے جانے کا امکان ہے۔

سام سنگ نے آفیشل طور پر ایس 23 کو پیش کرنے کی تاریخ کا اعلان نہیں کیا، تاہم امکان ہے کہ اسے 2023 کے آغاز میں متعارف کرایا جائے گا۔

کمپنی نے گلیکسی ایس 22 کو رواں برس فروری میں پیش کیا تھا، جس میں کمپنی نے 108 میگا پکسل کیمرا دیا تھا، جسے ایپل کے آئی فون 13 کے ٹکر کا فون قرار دیا گیا تھا۔

اب خبریں سامنے آئی ہیں کہ کمپنی ’گلیکسی ایس 23‘ میں پہلی بار 200 میگا پکسل بیک کیمرا دے گی اور مذکورہ فون ایپل کے آئی فون 14 کے ٹکر کا ہوگا، جس میں ممکنہ طور پر 64 میگا پکسل کیمرا دیا جائے گا۔

سامنے آنے والی خبروں کے مطابق سام سنگ جہاں فون میں 200 میگا پکسل کا کیمرا دے گا، وہیں کمپنی اپڈیٹ ٹیکنالوجی کا کیمرا سینسر بھی متعارف کرائے گی۔

سام سنگ سے قبل رواں برس موٹرولا کی جانب سے بھی 200 میگا پکسل کیمرا کے حامل پہلے موبائل فون کو پیش کیا گیا تھا مگر جنوبی کورین کمپنی اپنے کیمرے کو اپگریڈ ٹیکنالوجی اور جدید سینسر کے ساتھ پیش کرے گی۔

یہ خبر ایک ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب کہ گزشتہ ہفتے یہ خبر سامنے آئی تھی کہ سام سنگ نے 450 میگا پکسل کیمرا کے کاپی رائٹس حاصل کرنے کے لیے درخواست دائر کی ہے۔

رپورٹس میں بتایا گیا تھا کہ کمپنی کی جانب سے کاپی رائٹس درخواست میں واضح طور پر 450 میگا پکسل کیمرے کا ذکر نہیں کیا گیا مگر جس فارمولے کا ذکر کیا گیا تھا اس کے مطابق کمپنی اپگریڈ ٹیکنالوجی کا کیمرا متعارف کرانا چاہتی ہے۔


اپنا تبصرہ لکھیں