امریکی ریاست کیلیفورنیا میں منکی پاکس کے کیسز میں اضافہ دیکھا جارہا ہے جس کے بعد گورنر کیلیفورنیا نے ہنگامی حالت کے نفاذ کا اعلان کردیا ہے۔
خبرایجنسی کے مطابق امریکا میں منکی پاکس کیس کی تعداد 5 ہزار 800 تک پہنچ گئی ہے، جس میں سے 800 کیس کیلیفورنیا میں رپورٹ کئے گئے ہیں۔
کیلیفورنیا میں منکی پاکس کے کیسز میں اضافہ کی وجہ سے گورنر کیلیفورنیا نے ہنگامی حالت کے نفاذ کا اعلان کیا ہے۔
گورنر کا کہنا ہے کہ کیلیفورنیا حکومت تمام سطح پر فوری طور پر منکی پاکس کے پھیلاؤ کو کم کرنے کے لیے کام کر رہا ہے اور اس بات کو یقینی بنایا جا رہا ہے کہ اس وبا کو مزید پھیلنے سے کیسے روکا جا سکے۔
یاد رہے کہ کیلیفورنیا ، نیویارک اور الینوائے کے بعد تیسری ریاست ہے جس نے منکی پاکس کے خطرے کے پیش نظر ریاستی ایمرجنسی کا اعلان کیا ہے۔
خیال رہے کہ دنیا بھر میں منکی پاکس کیسز کی تعداد 22 ہزار 100 سے زائد ہوچکی ہے اور بیماری 78 ممالک تک پھیل چکی ہے۔
گزشتہ ہفتے کے آخر تک دنیا بھر میں منکی پاکس کے کیسز کی تعداد 18 ہزار تھی جب کہ گزشتہ ماہ کے شروع تک کیسز صرف 6 ہزار تک تھے مگر جولائی میں اس میں تیزی سے اضافہ دیکھا گیا۔
دنیا بھر میں اس وقت سب سے زیادہ منکی پاکس کیسز یورپ میں رپورٹ ہوئے ہیں، دوسرے نمبر پرامریکا ہے جب کہ ایشیا میں بھی اس کے کیسز میں مسلسل اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔
اب تک ایشیا میں آسٹریلیا، جاپان، جنوبی کوریا، تھائی لینڈ، سنگاپور، تائیوان، فلپائن، سعودی عرب، متحدہ عرب امارات اور بھارت جیسے ممالک میں منکی پاکس کے کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں جب کہ ایشیا میں پہلی موت بھارت میں ہوئی ہے۔
یورپی ملک اسپین منکی پاکس سے متاثر ہونے والا سب سے بڑا ملک ہے جہاں منکی پاکس سے 2 ہلاکتیں ہوچکی ہیں جبکہ مریضوں کی تعداد 4 ہزار 300 تک جا پہنچی ہے۔
بھارت اور اسپین کے علاوہ گزشتہ ہفتے برازیل میں بھی منکی پاکس سے پہلی موت ہوئی تھی اور اب تک مجموعی طور پر براعظم افریقہ سے باہر مئی سے لے کر اب تک اس سے 4 اموات ہو چکی ہیں۔