شارٹ ویڈیو شیئرنگ ایپلی کیشن ٹک ٹاک نے پاکستان میں کانٹنیٹ کریئیٹرز کے لیے کریئیٹر(Creator) پورٹل متعارف کرادیا، جہاں صارفین کے لیے مواد کی تیاری کے لیے درکار تمام وسائل ایک جگہ پر دستیاب ہوں گے۔
اس پورٹل تک ٹک ٹاک اکاؤنٹ @tiktokcreatorspakistan کے ذریعے رسائی حاصل کی جا سکتی ہے، اس پورٹل پر ویڈیوز کا ایک سلسلہ دستیاب ہے جو کریئیٹرزکو اپنی ویڈیوز کو اگلے درجے تک لے جانے میں مدد کی غرض سے رہنمائی، تجاویز اور ترکیبیں فراہم کرتا ہے۔
کریئیٹرز پورٹل کی مدد سے کریئیٹرز کو قصہ گوئی (storytelling)، کمیونٹی تشکیل دینے اور تخیلاتی اثرات پرمشتمل ماڈیولز تک رسائی ملے گی، جن کا مقصد پلیٹ فارم پر مواد کی تخلیق کو متاثرکن اور متنوع بنانا ہے۔
اس کے علاوہ اس پر ٹک ٹاک کی کمیونٹی گائیڈلائنز پر ایک تفصیلی ماڈیول بھی دستیاب ہوگا تاکہ پاکستانی کریئیٹر اُنہیں بہتر طور پر سمجھ سکیں اور مواد تخلیق کرتے ہوئے ان پر عمل کر سکیں۔
اس ضمن میں ٹک ٹاک کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ایسے فیچرز سے نہ صرف پلیٹ فارم پر مواد کا معیار بہتر کرنے میں مدد ملے گی بلکہ یہ بھی یقینی بنایا جاسکے گا کہ ٹک ٹاک ایک محفوظ مقام ہے جہاں صارفین خوشیاں تقسیم کرنے اور تخلیقی صلاحیتوں کا اظہار کرنے آتے ہیں۔
بیان کے مطابق کریئیٹرز ٹک ٹاک کی دل و جان ہیں جو ایپلی کیشن کو ایک خوشگوار جگہ بناتے ہیں اور جہاں لاکھوں افرادت فریح کرنے کے ساتھ ساتھ بہت کچھ سیکھنے کے لیے بھی آتے ہیں، اس بات سے قطع نظر کہ کون کتنی بڑی شخصیت ہے، ٹک ٹاک تمام افراد کو ناظرین تک پہنچنے کا موقع فراہم کرتا ہے۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ آج کے دور میں اگرچہ کریئیٹر بننے کے لیے محض چند بٹن دبانے کی ضرورت ہوتی ہے لیکن ایک کریئیٹر کی حیثیت سے ترقی کی منازل طے کرنے میں وقت، لگن اور تعلیم بے حد ضروری ہے۔
ٹک ٹاک نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ایسی ہی تمام باتوں کو ذہن میں رکھتے ہوئے انہوں نے پاکستان میں ٹک ٹاک کریئیٹر پورٹل کو متعارف کرایا جو تخلیقی ذہنوں کے لیے تعلیمی ویڈیوز کا ایک آن لائن مرکز ہے اورٹک ٹاک پر سفر کا آغاز کرنے، ناظرین سے منسلک ہونے اور اپنے مواد کو دنیا تک پہنچانے کے لیے بہترین طریقوں کو فروغ دینے کے حوالے سے بنیادی باتیں سکھاتا ہے۔
خیال رہے کہ مذکورہ کریئیٹر پورٹل پر موجود مواد کو پانچ حصوں میں تقسیم کیا گیا ہے، جس میں ’ٹک ٹاک پر شروعات کریں، ’ٹک ٹاک پر تخلیق کے لوازمات، ’ٹک ٹاک پر کامیابی کے لیے بنیادی باتیں، ’ٹک ٹاک پر مواد کی حکمت عملی اور’کمیونٹی رہنما اور حفاظتی تدابیر‘ کے حصے شامل ہیں۔
یہ حصے مسلسل پوچھے جانے والے کچھ سوالات کا احاطہ کرتے ہیں اور صارفین کی معلومات میں اضافہ کرتے ہیں کہ کریئیٹر کس طرح ٹک ٹاک پر ترقی کر سکتے ہیں، یہ پورٹل پاکستان میں ٹک ٹاک پر کریئیٹرز کی بڑھتی ہوئی برادری کی رہنمائی کے لیے ویڈیوز پیش کرے گا اور پلیٹ فارم پر زیادہ فائدہ اٹھانے میں اُن کی مدد کرے گا۔