قومی کرکٹ ٹیم کے سپر اسٹار فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی نے آج کے دن 3 سال قبل ایک ایسا کارنامہ سر انجام دیا جو ان سے پہلے کوئی پاکستانی نہ کرسکا تھا۔
3 سال قبل آج کے دن یعنی 5 جولائی 2019 کو شاہین شاہ آفریدی آئی سی سی ورلڈ کپ میچ میں 6 وکٹیں لینے والے پہلے پاکستانی بولر بنے تھے۔
ان کے اس عظیم اعزاز کی یادیں پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر شیئر کی ہیں۔
شاہین شاہ آفریدی نے بنگلا دیش کے خلاف گروپ میچ میں 35 رنز کے عوض کے 6 وکٹیں حاصل کیں جو کسی پاکستانی بولر کا ورلڈ کپ میں بہترین بولنگ فیگر ہے۔
اس سے قبل ورلڈ کپ میں بہترین بولنگ فیگر ان کے ہونے والے سُسر شاہد آفریدی کا تھا جنہوں نے 2011 کے ورلڈ کپ میں کینیا کے خلاف 16 رنز کے عوض 5 وکٹیں حاصل کی تھیں۔
شاہین شاہ آفریدی نے بنگلا دیش کے خلاف ہی میچ میں ایک اور اعزاز بھی اپنے نام کیا۔
وہ ورلڈ کپ کی تاریخ میں 5 وکٹیں لینے والے سب سے کم عمر بولر بن گئے ۔