اسلام آباد: ملک بھر میں بجلی کا شارٹ فال 7 ہزار 232 میگاواٹ ہے جبکہ 14 گھنٹوں تک لوڈشیڈنگ کا سلسلہ بھی جاری ہے۔
ذرائع کے مطابق ملک بھر میں بجلی کی مجموعی پیداوار 21 ہزار 406 میگاواٹ ہے جبکہ بجلی کی کل طلب 28 ہزار 638 میگاواٹ ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پانی سے 5 ہزار 462 میگاواٹ بجلی پیدا کی جارہی ہے، سرکاری تھرمل پلانٹس سے 1 ہزار 602 میگاواٹ اور نجی شعبے کے بجلی گھروں سے 11 ہزار 147 میگاواٹ بجلی پیدا کی جارہی ہے۔
علاوہ ازیں ونڈ پاور پلانٹس 677 میگاواٹ اور سولرپلانٹس سے پیداوار 116 میگا واٹ ہے جبکہ بگاس سے چلنے والے پلانٹس 121میگاواٹ بجلی پیدا کررہے ہیں جبکہ جوہری ایندھن سے 2 ہزار 281 میگاواٹ بجلی پیدا کی جارہی ہے۔
واضح رہے کہ ملک کے مختلف علاقوں میں 14 گھنٹے تک کی لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے جبکہ زیادہ نقصانات والے علاقوں میں لوڈشیڈنگ کا دورانیہ اس سے بھی زیادہ ہے۔
دوسری جانب ملک کے سب سے بڑے شہر کراچی میں بجلی کی طویل لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے جبکہ حکومت اعلانیہ اور غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ پر قابو پانے میں ناکام دکھائی دیتی ہے۔
شہرقائد میں لوڈ شیڈنگ اور شٹ ڈاؤن کے نام پر 18 سے 20 گھنٹے تک بجلی بند کرنے کا سلسلہ مسلسل جاری ہے، دن ہو شام یا رات کسی وقت بھی شہریوں کو بجلی فراہم نہیں کی جارہی ہے۔
شدید گرمی میں روزانہ دن و رات کے اوقات میں 14 گھنٹوں سے زائد کی لوڈشیڈنگ سے عوام انتہائی پریشان ہیں جبکہ رات میں ہونے والی لوڈشیڈنگ کے باعث نیند پوری نہ ہونے کی وجہ سے شہری ذہنی بیماریوں میں مبتلا ہونے لگے۔
لوڈ شیڈنگ سے تاجر، صنعتکار، بچے، بوڑھے، خواتین، بیمار اور نوجوان بھی متاثر ہورہے ہیں۔