ٹائر پھٹنے کے باوجود پی آئی اے طیارے کی کراچی ایئرپورٹ پر محفوظ لینڈنگ

ٹائر پھٹنے کے باوجود پی آئی اے طیارے کی کراچی ایئرپورٹ پر محفوظ لینڈنگ


بلوچستان کے ضلع گوادر سے 60 مسافروں کے ساتھ اڑان بھرنے والے پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن (پی آئی اے) کے طیارے کا ایک ٹائر پھٹ گیا تھا مگر اس کے باوجود وہ باحفاظت کراچی ایئرپورٹ پر اتر گیا۔

پی آئی اے ترجمان عبداللہ ایچ خان نے ڈان کو بتایا کہ گوادر سے پی کے۔504 فلائٹ کی اڑان بھرنے سے قبل سب کچھ ٹھیک تھا مگر جیسے ہی طیارے نے اڑان بھری تو کنٹرول ٹاور نے عملے کو اطلاع دی کہ انہوں نے ٹائر پر ایک ربڑ کی چیز دیکھی ہے جو یا تو ٹائر کا حصہ ہے یا کوئی اور چیز ہو سکتی ہے اس لیے اس حوالے سے احتیاط کی جائے۔

انہوں نے کہا جب طیارے نے کراچی ایئرپورٹ پر لینڈ کیا تو اس کا ایک ٹائر پھٹا ہوا تھا جس کی وجہ تاحال معلوم نہیں ہو سکی کیونکہ ہر چھوٹے بڑے واقعے کی طرح اس واقعے کی بھی باقاعدہ تحقیقات کی جائے گی۔

ترجمان نے کہا کہ ایئر کرافٹ ایکسیڈنٹ انویسٹی گیشن بورڈ (اے اے آئی بی) معمول کے مطابق اس واقعے کی تحقیقات کرے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ شاید کوئی چیز تھی جس سے ٹائر کو نقصان پہنچا ہے، یا اڑان سے قبل چلنے والا راستہ کھردرا تھا یا کوئی اور مسئلہ تھا، بہرحال وجہ جو بھی ہوگی وہ حتمی رپورٹ کے بعد پتہ چلے گا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ طیارہ ایئرپورٹ پر اترنے سے قبل ہی ہنگامی حالت کا اعلان کیا گیا تھا تاہم طیارے نے معمول کے مطابق لینڈنگ کی، ای ٹی آر طیارے پی کے 504 میں 60 مسافر سوار تھے۔

انہوں نے کہا کہ طیارے کو سکھر کے لیے اڑان بھرنی تھی مگر ٹائر خراب ہونے کی وجہ سے فلائٹ منسوخ کی گئی۔


اپنا تبصرہ لکھیں