چینی موبائل کمپنی ون پلس نے ’نارڈ‘ سیریز کا ٹی ٹو مڈ رینج فون متعارف کرادیا، جو دنیا کا پہلا فون ہوگا، جس میں میڈیا ٹیک چپ میکر کمپنی کی ڈیمنسٹی 1300 چپ ہوگی۔
ون پلس کے ’نارڈ‘ سیریز کو بہت پسند کیا جاتا ہے اور کمپنی نے صارفین کی پسندیدگی کو نظر میں رکھتے ہوئے ’نارڈ ٹی ٹو‘ میں تین بیک کیمرے اور ایک سیلفی کیمرا دیا ہے۔
فون کے بیک پر 50 میگا پکسل کا مین کیمرا دیا گیا ہے جب کہ 8 میگا پکسل کا الٹرا وائڈ اور 2 میگا پکسل کا میکرو کیمرا بھی دیا گیا ہے۔
فون میں 32 میگا سیلفی کیمرا دیا گیا ہے اور اسے دو ماڈیولز یعنی 8 جی بی اور 12 جی بی ریم میں پیش کیا گیا ہے اور اس کا اسٹوریج 128 سے 256 جی بی تک بڑھایا جا سکتا ہے۔
میڈیا ٹیک کی ڈیمنسٹی 1300 چپ سے لیس موبائل میں اینڈرائیڈ 12 اور آکسیجن او ایس 12.1 کا آپریٹنگ سسٹم دیا گیا ہے۔
اوکٹا کور کے سی پی یو کے حامل موبائل کا اسکرین قدرے چھوٹا یعنی 6.43 رکھا گیا ہے اور اس میں ڈسپلے کے اندر فنگر پرنٹ سینسر دیا گیا ہے۔
کمپنی کے مطابق ’نارڈ ٹی ٹو‘ میں چارجنگ کوالٹی کو بہتر بنایا گیا ہے اور فون کو 80 والٹ چارجر کی مدد سے محض 25 منٹ کے اندر 100 فیصد چارج کیا جا سکتا ہے۔
’نارڈ ٹی ٹو‘ میں 4500 ایم اے ایچ کی بیٹری دی گئی ہے اور اسے تین مختلف رنگوں میں پیش کیا گیا ہے۔
فون کو فوری طور پر یورپ اور امریکا میں فروخت کے لیے پیش کردیا گیا، تاہم دیگر ممالک میں صارفین 24 مئی سے ’نارڈ ٹی ٹو‘ کو پاکستانی تقریبا 84 ہزار روپے میں خرید سکیں گے۔