کورونا سے بلواسطہ یا بلاواسطہ ڈیڑھ کروڑ ہلاکتیں ہوئیں، عالمی ادارہ صحت

کورونا سے بلواسطہ یا بلاواسطہ ڈیڑھ کروڑ ہلاکتیں ہوئیں، عالمی ادارہ صحت


عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) نے کورونا کی وبا سے ہونے والی ہلاکتوں کے نئے اندازوں کے اعداد و شمار جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ وبا سے دو سال کے دوران بلواسطہ یا بلاواسطہ تقریبا ڈیڑھ کروڑ اموات ہوئیں۔

خبر رساں ادارے ’ایسوسی ایٹڈ پریس‘ (اے پی) کے مطابق عالمی ادارہ صحت کی جانب سے 5 مئی کو جاری کردہ نئی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ادارے کے اندازوں کے مطابق یکم جنوری 2020 سے 31 دسمبر 2021 تک دنیا بھر میں کورونا کی وبا کے باعث ایک کروڑ 30 لاکھ سے ایک کروڑ 60 لاکھ ہلاکتیں ہوئیں۔

ڈبلیو ایچ او کی رپورٹ میں واضح کیا گیا ہے کہ مذکورہ تخمینہ کورونا کی وجہ سے دنیا بھر کے ممالک کے نظام صحت پر پڑنے والے بوجھ، وبا سے متاثرہ افراد کی ہلاکتوں اور وبا کے باعث دیگر امراض میں مبتلا افراد کو بروقت علاج کی سہولیات فراہم نہ ہونے کے باعث ہونے والی ہلاکتوں کو نظر میں رکھ کر لگایا گیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق اندازے کے مطابق کورونا کی وبا کے بعد لاکھوں لوگ دیگر بیماریوں کی وجہ سے بھی ہلاک ہوئے مگر ان کی موت کا تعلق کورونا سے جڑا ہوا ہے، کیوں کہ انہیں وبا کے باعث بروقت علاج مہیا نہ کیا جا سکا۔

ہلاکتوں سے واضح ہوتا ہے کہ مستقبل میں دنیا کو کیسے وباؤں کا مقابلہ کرنا ہے، سربراہ عالمی ادارہ صحت—فوٹو: اے پی
ہلاکتوں سے واضح ہوتا ہے کہ مستقبل میں دنیا کو کیسے وباؤں کا مقابلہ کرنا ہے، سربراہ عالمی ادارہ صحت—فوٹو: اے پی

رپورٹ میں عالمی ادارے کے سربراہ ٹیڈروس ایڈہانوم کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ کورونا کی وبا کے باعث ہلاکتوں کا نیا خطرناک تخمینہ اس بات کو سمجھنے کی اہمیت پر زور دیتا ہے کہ مستقبل میں دنیا کو وباؤں سے کس طرح مقابلہ کرنا چاہیے۔

عالمی ادارے نے اپنی رپورٹ میں واضح طور پر خالصتا کورونا کی ہلاکتوں کے ممکنہ اعداد و شمار نہیں بتائے اور نہ ہی کورونا کی وجہ سے بر وقت علاج کی سہولت نہ ملنے کے باعث مرجانے والے دیگر بیماریوں کے لوگوں کے اعداد و شمار واضح کیے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: دنیا بھر میں کورونا سے متاثر افراد کی تعداد نصف ارب سے زائد ہوگئی

رپورٹ میں مجموعی طور پر بتایا گیا ہے کہ گزشتہ دو سال کے دوران کورونا کی وبا سے بلواسطہ یا بلاواسطہ مجموعی طور پر ایک کروڑ 59 لاکھ ہلاکتیں ہوئیں، تاہم ساتھ ہی کہا گیا ہے کہ بہت ساری ہلاکتیں براہ راست کورونا کی وجہ سے نہیں ہوئیں۔

رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ سب سے زیادہ اموات جنوب مشرقی ایشیا، امریکا اور یورپ میں ہوئیں اور سب سے زیادہ یعنی 57 فیصد مرد حضرات ہلاک ہوئے۔

رپورٹ میں واضح کیا گیا ہے کہ کورونا کی وبا کے دوران بہت سارے ممالک نے اموات کی درست گنتی نہیں کی اور اصل اعداد و شمار کو چھپایا گیا۔

رپوٹ میں کسی بھی ملک کا نام لکھے بغیر بتایا گیا ہے کہ مذکورہ تقریبا ڈیڑھ کروڑ ہلاکتوں میں سے 64 فیصد اموات صرف 10 ممالک میں ہوئیں۔

اعداد و شمار کے مطابق 54 فیصد ہلاکتیں کم آمدنی والے ممالک میں ہوئیں، 28 فیصد اموات متوسط آمدنی جب 15 فیصد ہلاکتیں امیر ممالک اور محض 4 فیصد غریب ممالک میں ہوئیں۔

یہاں یہ بات یاد رہے کہ 5 مئی 2022 تک صرف کورونا سے 62 لاکھ اموات ریکارڈ ہوئی تھیں جب کہ مجموعی طور پر متاثرہ افراد کی تعداد نصف ارب سے تجاوز کر گئی تھی، جس میں سے 49 کروڑ تک لوگ صحت یاب ہو چکے تھے۔


اپنا تبصرہ لکھیں