کاغذ جتنا باریک لاؤڈ اسپیکر جسے دیوار پر چپکایا بھی جاسکتا ہے!

کاغذ جتنا باریک لاؤڈ اسپیکر جسے دیوار پر چپکایا بھی جاسکتا ہے!


بوسٹن: میساچیوسٹس انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی (ایم آئی ٹی) کے انجینئروں نے کاغذ جتنا باریک اور لچک دار لاؤڈ اسپیکر ایجاد کرلیا ہے جسے دیوار کے علاوہ کئی طرح سطحوں پر بہ آسانی چپکا کر انہیں ایک بڑے لاؤڈ اسپیکر میں تبدیل کیا جاسکتا ہے۔

موجودہ لاؤڈ اسپیکروں کے مقابلے میں اس ’’کاغذی لاؤڈ اسپیکر‘‘ کو صرف دس فیصد بجلی کی ضرورت پڑتی ہے۔

عام اسپیکروں اور لاؤڈ اسپیکروں میں برقی مقناطیسی (الیکٹرو میگنیٹک) اثر سے استفادہ کیا جاتا ہے لیکن اس نئے اسپیکر میں ’’داب برق اثر‘‘ (پیزو الیکٹرک ایفیکٹ) استعمال کیا گیا ہے۔

پیزو الیکٹرک ایفیکٹ میں جب کسی خاص مادے سے بجلی گزاری جاتی ہے تو وہ تھرتھرانے لگتا ہے جبکہ اس مادّے پر دباؤ ڈالا جائے تو وہ بجلی بنانے لگتا ہے۔

ایم آئی ٹی میں ایجاد کیا گیا کاغذی لاؤڈ اسپیکر معمولی بجلی گزارنے پر تھرتھراتا ہے جس سے آواز پیدا ہوتی ہے۔

بہتر کارکردگی کی غرض سے لاؤڈ اسپیکر کی سطح میں وقفے وقفے سے بال جتنے باریک سوراخ بھی کیے گئے ہیں جن کی بدولت یہ کسی بھی جگہ چپک کر آواز خارج کرسکتا ہے؛ یعنی اس کی کارکردگی برقرار رہتی ہے۔

’’میٹاورس‘‘ سے انتہائی مختصر آلاتِ سماعت تک اور میوزک انڈسٹری سے ایئرو اسپیس انجینئرنگ تک، ان گنت شعبوں میں اس باریک لاؤڈ اسپیکر کا استعمال کیا جاسکے گا۔

مثلاً مسافر بردار طیاروں میں کاک پٹ کا اندرونی شور کم کرنے کےلیے وہاں کی دیواروں پر ایسے لاؤڈ اسپیکرز کی تہہ چڑھائی جاسکے گی جو اس شور کی تنسیخ (cancellation) کرنے والی صوتی لہریں خارج کرتے ہوئے، کاک پٹ کا اندرونی ماحول پرسکون بنائیں گے۔

یہ اور اس جیسے نہ جانے کتنے ہی معلوم اور نامعلوم اطلاقات کی ایک وسیع دنیا ان پتلے اور لچک دار لاؤڈ اسپیکروں کی منتظر ہے۔

نوٹ: اس تحقیق کی تفصیلات ریسرچ جرنل ’’آئی ٹرپل ای ٹرانزیکشنز آن انڈسٹریل الیکٹرونکس‘‘ کے تازہ ترین شمارے میں آن لائن شائع ہوئی ہیں۔


اپنا تبصرہ لکھیں