پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین رمیز راجہ نے اپنے عہدے سے استعفی نہ دینے کا فیصلہ کیا ہے۔
نجی خبر رساں ادارے کے مطابق پی سی بی کے چیئرمین رمیز راجہ اپنے مستقبل کے حوالے سے حکومت کی جانب سے پیغام کے منتظر ہیں جبکہ انہوں نے نئی حکومت کے آنے کے بعد بھی بطور چیئرمین پی سی بی کام جاری رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق اگر رمیز راجہ اپنے عہدے سے استعفی دے دیتے ہیں تو سابق چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی کا نام زیر غور لایا جائے گا جبکہ نئے امیدوارکے لیے نجم سیٹھی مضبوط امیدوار ہیں۔
رپورٹ میں اس بات کا بھی انکشاف کیا گیا ہے کہ نجم سیٹھی کے قریبی لوگ انہیں مبارک باد بھی پیش کررہے ہیں تاہم انہوں نے خاموشی اختیار کررکھی ہے۔
دوسری جانب گذشتہ روز آئی سی سی بورڈز میٹنگ سے فارغ ہونے کے بعد چیئرمین پی سی بی ہیڈ کوارٹر آئے تھے لیکن وہ زیادہ دیر نہیں رکے تھے۔
واضح رہے کہ نئی حکومت کے آنے کے بعد سے ہی پی سی بی میں تبدیلیوں کا امکان ظاہر کیا جارہا ہے جبکہ میڈیا رپورٹس کے مطابق رمیز راجہ بھی عہدے سے الگ ہونے کا ذہن بناچکے تھے۔
میڈیا رپورٹس تھیں کہ چیئرمین پی سی بی نے عہدے سے الگ ہونے کے لیے اپنے قریبی دوستوں سے بھی مشاورت کرلی تھی۔
علاوہ ازیں پی سی بی میں اعلی سطح پر بڑی تبدیلیوں کا بھی امکان ظاہر کیا جارہا تھا جس کی وجہ سے رمیز راجہ کے دور میں لگائے گئے افراد کا مستقبل بھی خطرے میں نظر آنے لگا ہے۔