انٹر بینک میں ڈالر کی قدر میں کاروباری ہفتے کے پہلے روز زبردست کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔
اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق انٹربینک میں ڈالر کی قدر میں ایک روپے 75 پیسے کی کمی ہوئی ہے۔
فاریکس ڈیلرز کے مطابق انٹربینک میں ڈالر 184.68 سے کم ہو کر 182.93 روپے پر بند ہوا ہے۔
یاد رہے کہ جمعرات کو انٹر بینک میں ڈالر 189 روپے کی بلند ترین سطح پرپہنچ گیا تھا تاہم جمعہ کو ڈالر کی قدر میں ساڑھے تین روپے کی کمی واقع ہوئی تھی۔
دوسری جانب پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں کاروباری سرگرمیوں کا آغاز بھی مثبت انداز میں ہوا اور سرمایہ کاروں کی جانب سے بھرپور دلچسپی دیکھی گئی۔
دن کے اختتام پر ہنڈریڈ انڈیکس 1700 پوائنٹس اضافے کے بعد 46 ہزار 144 پوائنٹس پر بند ہوا۔