شیاؤمی کے ذیلی برانڈ ریڈمی نے 2022 کے شروع میں کے 50 گیمنگ سیریز متعارف کرائی تھی۔
اب کمپنی نے ریڈمی کے 50 اور کے 50 پرو فونز متعارف کرایا ہے۔
دونوں فونز کا ڈیزائن ایک جیسا ہے بلکہ فیچرز بھی کافی حد تک ملتے جلتے ہیں، مگر پرو ماڈل میں زیادہ بہتر کیمرے، فاسٹ چارجنگ اور پراسیسر دیا گیا ہے۔
ریڈمی کے 50 پرو میں میڈیا ٹیک کا ڈیمینسٹی 9000 پراسیسر موجود ہے جبکہ فون کو گرم ہونے سے بچانے کے لیے 7 لیئر ویپر چیمبر کولنگ سسٹم دیا گیا ہے۔
اس کے مقابلے میں کے 50 میں ڈیمینسٹی 8100 پراسیسر موجود ہے۔
دونوں فونز میں 6.7 انچ کا امولیڈ ڈسپلے کیو ایچ ڈی پلس ریزولوشن اور 120 ہرٹز ریفریش ریٹ سپورٹ سے لیس ہے۔
اس اسکرین کو تحفظ فراہم کرنے کے لیے گوریلا گلاس وکٹس پروٹیکشن کو استعمال کیا گیا جبکہ دونوں فونز کے فرنٹ پر 20 میگا پکسل سیلفی کیمرا دیا گیا ہے۔
کے 50 پرو کے بیک پر 108 میگا پکسل مین کیمرا او آئی ایس کے ساتھ ہے اور اس کے لیے سام سنگ کا بڑا 1/1.52 انچ سنسر استعمال کیا گیا ہے۔
اس کے ساتھ 8 میگا پکسل الٹرا وائیڈ اور 2 میگا پکسل میکرو کیمرے دیئے گئے ہیں۔
اس کے مقابلے میں ریڈمی کے 50 کا مین کیمرا 48 میگا پکسل کا ہے جس کے ساتھ 8 میگا پکسل الٹرا وائیڈ اور 2 میگا پکسل میکرو کیمرے موجود ہیں۔
کے 50 پرو میں 5000 ایم اے ایچ بیٹری کے ساتھ 120 واٹ فاسٹ چارجنگ سپورٹ دی گئی ہے اور کمپنی کے مطابق صفر سے 100 فیصد چارجنگ محض 19 منٹ میں ہوجاتی ہے۔
اس کے برعکس کے 50 میں 5500 ایم اے ایچ بیٹری 67 واٹ فاسٹ چارجنگ سپورٹ سے لیس ہوگی۔
دونوں فونز کو سب سے پہلے چین میں فروخت کے لیے پیش کیا جارہا ہے۔
کے 50 پرو کا 8 جی بی ریم اور 128 جی بی اسٹوریج والا ماڈل 2999 یوآن (84 ہزار پاکستانی روپے سے زائد)، 8 جی بی ریم اور 256 جی بی اسٹوریج والا ورژن 3299 یوآن (93 ہزار پاکستانی روپے سے زائد) جبکہ 12 جی بی ریم اور 512 جی بی اسٹوریج والا فون 3999 یوآن (ایک لاکھ 13 ہزار پاکستانی روپے سے زائد) میں فروخت کیا جائے گا۔
ریڈمی کے 50 کا 8 جی بی ریم اور 128 جی بی اسٹوریج والا فون 2399 یوآن (67 ہزار پاکستانی روپے سے زائد) جبکہ 12 جی بی ریم اور 256 جی بی اسٹوریج والا ورژن 2799 یوآن (79 ہزار پاکستانی روپے سے زائد) میں دستیاب ہوگا۔