کراچی: آئی سی سی ویمنز کرکٹ ورلڈ کپ میں پیر کو پاکستانی ٹیم بنگلہ دیش کیخلاف میدان سنبھالے گی۔
دونوں ٹیمیں میگا ایونٹ میں اب تک پوائنٹس ٹیبل پر کھاتہ کھولنے کی منتظر ہیں، قومی کپتان بسمہ معروف کا کہنا ہے کہ جنوبی افریقہ سے شکست میں ہمیں یہ سبق ملتا ہے کہ کس طرح اہم مواقع پر جیت حاصل کی جاتی ہیں۔ 8 ٹیموں کے ایونٹ میں اب تک پاکستان، بنگلہ دیش اور دفاعی چیمپئن انگلینڈ کو فتح نہیں مل سکی ہے، پاکستان اب تک 3 میچز کھیل چکا ہے جبکہ انگلینڈ اور بنگلہ دیش کے 2، 2 میچز ہوئے ہیں۔
بسمہ معروف کا کہنا ہے کہ پروٹیز کیخلاف میچ میں ہمارے لیے بہت چیزیں مثبت رہیں، خاص کر ہماری بیٹنگ ، جہاں ہم نے پارٹنرشپ قائم کیں، ہم اسی کو لیکر آگے بڑھنا چاہیں گے، ہم ایونٹ میں اپنے باقی تمام میچز جیتنا چاہیں گے۔ بسمہ معروف نے آسٹریلیا کی مضبوط بولنگ کیخلاف 78 کی اننگز کھیل کر اپنی فارم ثابت کی ہے۔
اسی طرح اننگز کے درمیانی اوورز میں نشری سندھو بھی انتہائی موثر رہی ہیں، دوسری جانب بنگلہ دیش کی کپتان نگار سلطانہ بھی بیٹنگ اور وکٹ کیپنگ میں غیرمعمولی پرفارمنس پیش کررہی ہیں، سلطانہ انٹرنیشنل ون ڈے سنچری بناچکی ہیں، پیر کو باہمی مقابلے میں کوئی بھی ایک ٹیم پوائنٹس ٹیبل پر کھاتہ کھول پائے گی۔