لاہور: آسٹریلیا سہ ملکی سیریز میں پاکستان اور بھارت کی میزبانی کیلیے تیار ہے۔
اسکواڈ کے ساتھ دورے پر آنے والے کرکٹ آسٹریلیا کے چیف ایگزیکٹیو نک ہوکلے نے کہا کہ ابھی تک اس حوالے سے بات تو نہیں ہوئی مگر میں ٹرائنگولر سیریز کو اچھا سمجھتا ہوں، ماضی میں یہ تجربہ کامیاب رہا ہے،اگر معاملات آگے بڑھے تو ہم میزبانی کیلیے تیار ہوں گے۔
انھوں نے کہا کہ آسٹریلیا میں پاکستان اور بھارت سے تعلق رکھنے والے تارکین وطن کی بڑی تعداد آباد ہے،دنیا بھر کے شائقین پاک بھارت ٹیموں کو ایکشن میں دیکھنا چاہتے ہیں، ہمیں سیریز کی میزبانی کرکے بہت خوشی ہوگی۔
یاد رہے کہ رواں سال جنوری میں چیئرمین پی سی بی نے یہ تصور پیش کرتے ہوئے کہا تھا کہ سالانہ ٹی ٹوئنٹی سیریز سے شائقین کو تسلسل کے ساتھ پاکستان، بھارت اور آسٹریلیا جیسی بڑی ٹیموں کو ایک ساتھ ایکشن میں دیکھنے کا موقع ملے گا۔