خام تیل کی نئی بلند ترین سطح 117 ڈالر فی بیرل تک پہنچ گئی

خام تیل کی نئی بلند ترین سطح 117 ڈالر فی بیرل تک پہنچ گئی


عالمی منڈٰی میں خام تیل کی نئی بلند ترین سطح 117 ڈالر فی بیرل تک پہنچ گئی ہے۔

روس اوریوکرین کے درمیان کشیدگی کے بعد خام تیل کی قیمت عالمی منڈی میں نئی بلند ترین سطح پر پہچ گئی ہے۔

خبر رساں ادارے کے مطابق ٹریڈنگ کے دوران برینٹ خام تیل کی قیمت 117 ڈالر فی بیرل کی سطح کو عبور کرگئی جبکہ ڈبلیو ٹی آئی خام تیل کی نئی قیمت 114 ڈالر فی بیرل کی سطح کو عبور کرگئی ہے۔

 علاوہ ازیں عالمی منڈی میں گیس کی نئی قیمت 5 ڈالر فی ایم ایم بی ٹی یو کی سطح کے قریب آگئی ہے جبکہ گندم کی قیمت میں ٹریڈںگ کے دوران ایک مرتبہ پھر 5 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ روس اوریوکرین کے درمیان کشیدگی کے باعث عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ ریکارڈ کیا جارہا ہے۔

گذشتہ روز عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمت نے پہلے 110 ڈالر فی بیرل کی سطح کو عبور کیا تھا، بعد ازاں ٹریڈنگ کے دوران 113 ڈالر فی بیرل کی سطح تک جاپہنچی تھی۔

خیال رہے کہ یہ اضافہ جون 2014 کے بعد سے اب تک کی بلند ترین قیمت ہے جبکہ بین الاقوامی توانائی ایجنسی کی جانب سے 60 ملین بیرل خام تیل ریلیز کیے جانے کے باوجود بھی روز بروز خام تیل کی قیمت میں اضافہ ہی ہوتا جارہا ہے۔

دوسری جانب سرمایہ کاروں کو یہ فکر لاحق ہوگئی ہے کہ یوکرین جنگ کی وجہ سے خام تیل اور گیس کی فراہمی میں خلل پڑسکتا ہے کیونکہ روس دنیا بھر میں تیل کی پیداوار کے حوالے سے اہم ترین ملک سمجھا جاتا ہے۔


اپنا تبصرہ لکھیں