چین کی کمپنی نوبیا کو گیمنگ اسمارٹ فونز کے لیے جانا جاتا ہے اور اس کی نئی ریڈ میجک 7 سیریز دنگ کردینے والے فیچرز سے لیس ہے۔
اس سیریز کے 2 فونز ریڈ میجک 7 اور 7 پرو متعارف کرائے گئے ہیں۔
دونوں فونز میں اسنیپ ڈراگون 8 جنریشن 1 پراسیسر موجود ہے جبکہ گیمنگ سیشنز کے لیے کولنگ سسٹم دیا گیا ہے اور دونوں فونز میں ایک ، ایک ٹربو فین بھی دیا گیا ہے۔
ریڈمیجک 7 سیریز کے دونوں فونز میں 6.8 انچ کا ایف ایچ ڈی پلس امولیڈ ڈسپلے دیا گیا ہے البتہ ریفریش ریٹ مختلف ہے۔
ریڈمیجک 7 میں 165 ہرٹز ریفریش ریٹ اور 720 ہرٹز ٹچ سیمپلنگ ریٹ کے ساتھ دیا گیا ہے جو اب تک دستیاب کسی بھی فون میں سب سے زیادہ ہے۔
اس کے مقابلے میں ریڈمیجک 7 پرو میں 120 پرٹز ریفریش ریٹ کے ساتھ 960 ہرٹز ٹچ سیمپلنگ ریٹ سپورٹ موجود ہے جبکہ اس فون میں سیلفی کیمرا اسکرین کے اندر چھپا ہوا ہے۔
کمپنی کے مطابق ڈسپلے میں بینائی کے تحفظ کا خیال بھی رکھا گیا ہے اور اس حوالے سے ایس جی ایس سرٹیفیکشن کا حامل ہے۔
دونوں میں اینڈرائیڈ 12 آپریٹنگ سسٹم کا امتزاج ریڈ می میجک او ایس 5.0 سے کیا گیا ہے۔
ریڈمیجک 7 پرو میں 5000 ایم اے ایچ بیٹری 135 واٹ کی حیران کن فاسٹ چارجنگ سپورٹ سے لیس ہے اور فون محض 15 منٹ میں مکمل چارج ہوسکتا ہے۔
ریڈمیجک 7 میں 4500 ایم اے ایچ بیٹری کے ساتھ 120 واٹ ایئر کولنگ فاسٹ چارجنگ سپورٹ دی گئی ہے اور ڈیوائس کو مکمل چارج ہونے کے لیے 17 منٹ درکار ہوتے ہیں۔
اور ایک خاص بات دونوں فونز کے ساتھ 165 واٹ چارجر کی فراہمی ہے جس کو فونز کے ساتھ ساتھ اس سے مطابقت رکھنے والے گیمنگ لیپ ٹاپس بھی چارج ہوسکیں گے۔
گیمنگ کے لیے شولڈر ٹریگرز، میجک جی پی یو امیج ان ہاسمنٹ، گیم اسپیس اور حرارت کو کنٹرول کرنے جیسے سسٹم دیئے گئے ہیں۔
اس سیریز کے فونز میں ریڈمیجک کا نیا اے آئی اسسٹنٹ اور انیمیٹڈ مسکوٹ کا اضافہ بھی کیا گیا ہے اور ایک گیمنگ چپ ریڈ کور 1 بھی موجود ہے۔
ریڈمی میجک 7 میں 8 سے 12 جی بی ریم اور 128 سے 256 جی بی اسٹوریج کے آپشن موجود ہوں گے جبکہ 7 پرو میں 12 اور 18 جی بی ریم کے ساتھ 128، 256 اور ایک ٹی بی اسٹوریج کے آپشن دستیاب ہوں گے۔
دونوں فونز کے بیک پر 3 کیمروں کا سیٹ اپ ہے جس کا مین کیمرا 64 میگا پکسل کا ہے جبکہ 8 میگا پکسل الٹرا وائیڈ اور 2 میگا پکسل میکرو کیمرے بھی موجود ہیں۔
ریڈمیجک 7 کا 8 جی بی ریم اور 128 جی بی اسٹوریج والا ماڈل 3999 یوآن (ایک لاکھ 11 ہزار پاکستانی روپے سے زائد) جبکہ 12 جی بی ریم اور 256 جی بی اسٹوریج والا ورژن 4899 یوآن (ایک لاکھ 36 ہزار پاکستانی روپے سے زائد) میں فروخت کیا جائے گا۔
ریڈمیجک 7 پرو کا 12 جی بی ریم اور 128 جی بی اسٹوریج والا فون 4700 یوآن (ایک لاکھ 30 ہزار پاکستانی روپے سے زائد)، 12 جی بی ریم اور 256 جی بی اسٹوریج والا ماڈل 5300 یوآن (ایک لاکھ 47 ہزار پاکستانی روپے سے زائد) جبکہ 18 جی بی ریم اور ایک ٹی بی اسٹوریج والا ماڈل 7500 یوآن (2 لاکھ 8 ہزار پاکستانی روپے سے زائد) میں دستیاب ہوگا۔