عمران خان کی صورت میں نازل عذاب سے جان چھڑانا سیاسی جماعتوں کا فرض ہے، مریم نواز

عمران خان کی صورت میں نازل عذاب سے جان چھڑانا سیاسی جماعتوں کا فرض ہے، مریم نواز


پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ تمام سیاسی جماعتوں کا فرض ہے کہ عمران خان سے جان چھڑائی جائے، ورنہ عوام صرف حکومت پر نہیں بلکہ اپوزیشن پر بھی تنقید کریں گے۔

اسلام آباد ہائی کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو میں مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے کہا کہ اللہ کا شکر ادا کرتی ہوں کہ جج صاحبان نے قومی احتساب بیورو (نیب) سے سوالات کیے اور ان کے پاس جواب نہیں تھا۔

انہوں نے کہا کہ آج کی سماعت میں اللہ تعالیٰ نے نیب اور عمران خان کا گٹھ جوڑ واضح کردیا ہے، اسلام آباد ہائی کورٹ کے فیصلے اور انصاف کا انتظار کروں گی۔

تحریک عدم اعتماد تحریک کے حوالے سے ان کا کہنا تھا حکومت عوام کے عدم اعتماد کا شکار ہوچکی ہے، اپوزیشن جماعتیں اور اراکین اسمبلی پہلے ہی اس تحریک کے لیے تیار ہیں، عمران خان کی پارٹی کا کوئی نظریہ نہیں ہے جبکہ ان کے ساتھی صرف اقتدار کے ساتھ ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان کی حکومت اب ڈولتی ہوئی نظر آرہی ہے، آئندہ یہ پارٹی نظر نہیں آئے گی۔

انہوں نے عمران خان اور پاکستان تحریک انصاف( پی ٹی آئی) کو مشورہ دیا کہ اب اگر آپ عوام میں جائیں تو ہیلمٹ لے جانا نہ بھولیں، اب بھلے آپ کنٹینر پر چڑھ جائیں، عوام کے ہاتھ آپ کے گریبان تک پہنچ چکے ہیں اب آپ اپنی خیرمنائیں۔

ایک سوال پر مریم نواز کا کہنا تھا کہ ہماری پارٹی ایک نظریے پر ہے، یہ سیاسی جماعتوں کے فرض میں شامل ہے کہ عمران خان کی صورت میں ملک پر جو ایک عذاب قوم پر نازل ہوچکا ہے اس سے عوام اور پاکستان کی جان چھڑائی جائے۔

ان کا کہنا تھا کہ اگر اس عذاب سے عوام کی جان نہیں چھڑائی گئی تو جتنی قصوروار حکومت ہوگی اتنی ہی قصوار اپوزیشن بھی ہوگی، اس کے بعد عوام تمام سیاسی جماعتوں پر تنقید کریں اور اس کا آغاز اب ہوچکا ہے۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف پہلے عدم اعتماد کی تحریک کے حامی نہیں تھے، تاہم نواز شریف کی قیادت میں ہونے والے پارٹی کے اجلاس میں انہوں نے بھی اس بات کی ہانمی بھری کیونکہ وہ اب سمجھ چکے ہیں کہ یہ قوم، یہ ملک اور یہ عوام مزید تباہی کے متحمل نہیں ہوسکتے۔

ان کا کہنا تھا کہ اب وہ حالات آچکے ہیں کہ عمران خان اور ان کی حکومت کسی کے لیے بھی قابل اعتماد نہیں رہے، جن کی حمایت عمران خان کو حاصل تھی ان کی بھی اولین ترجیح پاکستان کے عوام ہیں اور اب عوام کا اشارہ سیاسی جماعتوں کے علاوہ تمام اداروں کو دیکھنا پڑے گا۔

انہوں نےبات جاری رکھتے ہوئے کہا کہ یہ صرف عوام کی بات نہیں ہے، بلکہ ہمارے سپاہی اور فوجی بھائیوں کو بھی مہنگائی نے شدید متاثر کیا ہے، وہ اپنی ذمہ داریاں ادا کریں کہ اپنی بنیادی ضروریات دیکھیں۔

مریم نواز کا کہنا تھا کہ ملک میں حکومت کے خلاف جو ماحول بنا ہے یہ عوام کی آواز ہے اس پر سب کو لبیک کہنا پڑے گا۔

صحافیوں کے سوالوں کا جواب دیتے ہوئے نائب صدر مسلم (ن) کا کہنا تھا کہ عمران خان آج کل جتنی بھی تقاریر کرتے ہیں وہ اپنی ڈوبتی کشتی بچانے کی کوشش کرتے ہیں، ان کی چیخیں اس لیے سنائی دے رہی ہیں کیونکہ وہ جانتے ہیں کہ ان کے وزرا اس کشتی سے چھلانگ لگانے کے لیے تیار ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ(ن) آگ کے سمندر سے گزری ہے، پھر بھی نواز شریف کی قیادت میں متحد رہی ہے، لیکن عمران خان کی کشتی ابھی لڑکھڑائی ہی ہے تو ان کے اراکین دیگر سیاسی جماعتوں سے رابطے کر رہے ہیں۔

مریم نواز نے کہا کہ عمران خان کی تاریخی ناکامی اور نا اہلی کا بوجھ لے کر ان کے اتحادی اور وزرا انتخابی میدان میں نہیں اتریں گے۔

عدم اعتماد سے متعلق ایک سوال پر ان کا کہنا تھا کہ حالات عمران خان کی ناکامی، دہشت گردی اور عوام کی بد دعاؤں سے بدلے ہیں۔

مریم نواز نے حکومتی اتحادیوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اگر آپ اگلے انتخابات میں باعزت طور پر عوام کے درمیان جانا چاہتے ہیں تو پھر آپ اس حکومت کو سپورٹ نہ کریں۔


اپنا تبصرہ لکھیں