میتھی دانہ لگ بھگ ہر گھر میں موجود ہوتا ہے۔
مگر کیا آپ کو معلوم ہے کہ میتھی دانہ صحت کے لیے متعدد فوائد کا حامل ہوتا ہے؟
پکوانوں کے ساتھ ساتھ اس کو صابن اور شیمپو میں بھی استعمال کیا جاتا ہے۔
ایک کھانے کے چمچ میتھی دانے میں 35 کیلوریز، 3 گرام فائبر، 3 گرام پروٹین، 6 گرام کاربوہائیڈریٹس، ایک گرام چکنائی، آئرن کی روزانہ درکار مقدار کا 20 فیصد حصہ، مینگنیز کی روزانہ درکار مقدار کا 7 فیصد حصہ اور میگنیشم کی روزانہ درکار مقدار کا 5 فیصد حصہ ہوتا ہے۔
اس کے فوائد جان لیں۔
مردوں کی تولیدی صحت کے لیے مفید
میتھی کے سپلیمنٹس ایک ہارمون ٹسٹوسیٹرون کی سطح میں اضافہ ہوتا ہے۔
ایک تحقیق میں 30 مردوں کو شامل کیا گیا جو ہر ہفتے ویٹ لفٹنگ کے 4 سیشنز کا حصہ بنے، ان میں سے 15 کو روزانہ 500 ملی گرام میتھی کا استعمال کرایا گیا۔
نتائج سے معلوم ہوا کہ میتھی استعامل کرنے والے گروپ میں اس ہارمون کی سطح میں اضافہ ہوا جبکہ جسمانی چربی میں 2 فیصد کمی آئی۔
30 مردوں پر ایک اور 6 ہفتوں کی تحقیق میں انہیں 600 ملی گرام میتھی ایکسٹریکٹ کے استعمال سے تولیدی افعال میں بہتری کو دریافت کیا گیا۔
اس حوالے سے مگر مزید تحقیق کی ضرورت ہے۔
بلڈ شوگر اور ذیابیطس کو کنٹرول کرنے کے لیے مفید
میتھی دانہ میٹابولک عوارض جیسے ذیابیطس کو کنٹرول کرنے میں بھی مفید ثابت ہوسکتا ہے۔
تحقیقی رپورٹس سے عندیہ ملتا ہے کہ یہ ذیابیطس ٹائپ 1 اور ٹائپ 2 دونوںپر اثرانداز ہوتا ہے۔
ذیابیطس ٹائپ 1 کے مریضوں کو ایک تحقیق میں دوپہر اور رات کے کھانے میں 50 گرام میتھی دانے کا سفوف استعمال کرایا گیا۔
10 دن بعد ان رضاکاروں میں بلڈ شوگر کی سطح بہتر اور نقصان دہ کولیسٹرول کی سطح میں کمی آئی۔
ایک اور تحقیق میں ذیابیطس سے محفوظ افراد کو میتھی کا استعمال کرایا گیا تو اس کے 4 گھنٹوں بعد ان کے بلڈ شوگر کی سطح میں 13.4 فیصد کمی آئی۔
اس فائدے کی ممکنہ وجہ میتھی دانے کے استعمال سے انسولین کے افعال میں بہتری آنا ہے، جبکہ فائبر کی مقدار بھی کافی زیادہ ہوتی ہے۔
ماں کے دودھ میں اضافہ
ماں کا دودھ بچوں کی نشوونما کے لیے بہترین ہوتا ہے مگر کچھ خواتین کو ناکافی مقدار کا سامنا ہوتا ہے۔
اس حوالے سے کچھ ادویات بھی دستیاب ہیں مگر تحقیق سے عندیہ ملا ہے کہ میتھی دانہ ایک محفوظ اور قدرتی متبادل ہے۔
ایک تحقیق میں نئی ماؤں کو ہربل چائے میں میتھی دانے ملا کر استعمال کرائی گئی تو دودھ بننے کی مقدار بڑھ گئی جبکہ بچوں کے وزن میں اضافہ بھی ہوا۔
دیگر فوائد
ابتدائی تحقیق سے میتھی دانے کے درج ذیل فوائد کا عندیہ ملا ہے :
اشتہا پر کنٹرول : ایک تحقیق میں دریافت کیا کہ جن 14 افراد کو میتھی دانے کا استعمال کرایا گیا ان میں چکنائی کے استعمال کی شرح میں 17 فیصد کمی آئی۔
کولیسٹرول لیول : کچھ شواہد سے عندیہ ملتا ہے کہ میتھی سے کولیسٹرول اور خون میں چربی یا ٹرائی گلیسدر کی سطح میں کمی لائی جاسکتی ہے۔
سینے میں جلن : اکثر سینے کی جلن کا شکار رہنے والے افراد پر ہونے والی ایک تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ میتھی سے علامات میں کمی آتی ہے۔
ورم : چوہوں پر میتھی کو ورم کش دریافت کیا گیا مگر انسانوں میں اس اثر کی تصدیق کے لیے مزید تحقیق کی ضرورت ہے۔