گوگل کی پہلی اسمارٹ واچ مئی میں متعارف کرائے جانے کا امکان

گوگل کی پہلی اسمارٹ واچ مئی میں متعارف کرائے جانے کا امکان


دسمبر 2021 میں ایک رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ گوگل کی جانب سے پہلی اسمارٹ واچ 2022 میں کسی وقت متعارف کرایا جائے گا۔

اب نئی رپورٹ میں کمپنی کی پہلی پکسل واچ کو متعارف کرانے کے وقت کے بارے میں بتایا گیا ہے۔

لیک میں بتایا گیا کہ گوگل اسمارٹ واچ کو مئی 2022 میں پیش کیا جاسکتا ہے۔

یہ وقت گوگل کی آئی او ڈویلپر کانفرنس سے مطابقت رکھتا ہے جس کا انعقاد عموماً مئی میں ہی ہوتا ہے۔

دسمبر میں ایک رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ کسل واچ کا کوڈ نام روہن رکھا گیا ہے۔

پکسل واچ کے خاکوں سے عندیہ ملتا ہے کہ اس میں گول ڈائل ڈسپلے ہوگا جس میں بیزل نہیں ہوگا جبکہ یہ اسمارٹ واچ دل کی دھڑکن کی رفتار اور قدموں کی تعداد کو بھی ٹریک کرے گی۔

گوگل پکسل واچ کے بارے میں افواہیں تو کافی عرصے سے سامنے آرہی ہیں مگر اب تک کمپنی کی جانب سے اسمارٹ واچ بنانے والی کمپنیوں جیسے سام سنگ کو اینڈرائیڈ سافٹ ویئر ہی فراہم کیے جارہے ہیں، ہارڈ ویئر پر کام نہیں ہورہا۔

رپورٹ میں مزید بتایا گیا کہ پکسل واچ گوگل کے ویئر او ایس کے بہترین تجربے کو فراہم کرے گی۔

اس اسمارٹ واچ کو گوگل کا پکسل ہارڈ ویئر گروپ تیار کرے گا اور اس کے لیے فٹ بٹ سے مدد نہیں لی جائے گی۔

واضح رہے کہ فٹ بٹ اسمارٹ ٹریکر کمپنی گوگل نے کچھ عرصے پہلے خرید لی تھی۔

بنیادی طور پر گوگل کی اسمارٹ واچ کی تیاری کا مقصد ایپل واچ کو ٹکر دینا ہے۔


اپنا تبصرہ لکھیں