پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 7 ہزار 586 نئے کورونا کیسز سامنے آگئے ہیں، جو ملک میں وبا کے آغاز کے بعد سے اب تک یومیہ کورونا کیسز کی دوسری بڑی تعداد ہے۔
دو روز قبل 21 جنوری کو پاکستان میں ایک روز کے دوران سب سے زیادہ کورونا وائرس کے 7 ہزار 678 کیسز رپورٹ ہوئے تھے۔
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں کورونا سے متاثرپ مزید 20 افراد جان کی بازی ہار گئے، جبکہ مثبت کیسز کی شرح 13 فیصد تک بڑھ گئی۔
نئے کیسز کے بعد ملک بھر میں کورونا کیسز کیسز کی مجموعی تعداد 13 لاکھ 67 ہزار 605 ہوگئی جبکہ مرنے والوں کی مجموعی تعداد 29 ہزار 97 تک پہنچ گئی۔
علاوہ ازیں پاکستان میں فعال کیسز کی تعداد 70 ہزار سے تجاوز کرچکی ہے جن میں سے ایک ہزار 83 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔
گزشتہ 24 گھنٹوں میں ملک کے مختلف حصوں میں کیسز اور اموات کی صورتحال درج ذیل ہے:
- سندھ: 3 ہزار 359 کیسز، 8 اموات
- پنجاب: ایک ہزار 988 کیسز، 5 اموات
- اسلام آباد: ایک ہزار 497کیسز، ایک موت
- خیبرپختونخوا: 590 کیسز، 5 اموات
- آزاد جموں و کشمیر: 88 کیسز، ایک موت
- بلوچستان: 55 کیسز
- گلگت بلتستان: 9 کیسز
دوسری جانب 24 گھنٹوں کے دوران پاکستان میں کورونا سے متاثرہ مزید 647 افراد صحت یاب ہوئے جس کے بعد ملک میں وبا سے شفایاب ہونے والے افراد کی تعداد 12 لاکھ 68 ہزار 245 ہوگئی۔
ویکسینیشن
چوبیس گھنٹوں کے دوران مزید 4 لاکھ 70 ہزار 601 افراد کی ویکسینیشن مکمل ہوئی جس کے بعد ملک بھر میں ویکسین کی دونوں خوراکیں حاصل کرنے والے افراد کی تعداد 7 کروڑ 88 لاکھ 60 ہزار 534 ہوگئی ہے۔
مزید برآں 2 لاکھ 86 ہزار 593 لوگوں کو ویکسین کی پہلی ڈوز لگائی گئی۔
این سی او سی کے اعدادوشمار کے مطابق ملک بھر میں 10 کروڑ 29 لاکھ 75 ہزار 552 افراد ایسے ہیں جنہیں ویکسین کی ایک خوراک مل چکی ہے۔
این سی او سی کی پابندیاں
کورونا کے اومیکرون ویرینٹ کے بڑھتےہوئے کیسز کے پیش نظر نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کی جانب مساجد اور عبادت گاہوں کے لیے ایس پیز کا اعلان کیا گیا تھا۔
این سی او سی کے فیصلے کے مطابق مساجد اور عبادت گاہوں میں صرف ویکسینیٹڈ افراد کو داخل ہونے کی اجازت دی جائے گی۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز این سی او سی کی جانب سے اسکولوں کے حوالے سے فیصلہ کیا گیا تھا جس میں کہا گیا تھا کہ تعلیمی اداروں میں اگلے دو ہفتوں کے دوران ٹیسٹ کی شرح میں تیزی سے اضافہ کیا جائے گا اور خاص کر ان شہروں میں جہاں وائرس کا پھیلاؤ زیادہ ہے۔
یہاں یہ بات مدِ نظر رہے کہ این سی او سی کی جانب سے وبا کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے کیسز کی 10 فیصد سے زائد مثبت شرح والے علاقوں میں انڈور تقریبات، اور ڈائننگ پر پابندی لگائی جاچکی ہے۔
علاوہ ازیں ان علاقوں میں 12 سال سے کم عمر بچوں کے لیے 50 فیصد حاضری کے ساتھ ایک دن چھوڑ کر ایک دن اسکولز کھولنے کی ہدایت کی گئی ہے اور 12 سال سے زائد عمر کے بچوں کی ویکسینیشن کے ساتھ 100 فیصد حاضری کی اجازت دی گئی ہے۔