آل پاکستان انجمن تاجران نے دوبارہ احتجاجی تحریک چلانے کا اعلان کر دیا ہے۔
آل پاکستان انجمن تاجران کی کور کمیٹی نے اسلام آباد میں اجلاس منعقد ہوا، اجلاس میں سیکرٹری جنرل آل پاکستان نعیم میر، صدر پنجاب شاہد غفور پراچہ،صدر کے پی کے ملک مہر الہی اور جنرل سیکرٹری آزاد کشمیر شوکت نواز میرنے شرکت کی۔
اجلاس میں آل پاکستان انجمن تاجران نے دوبارہ احتجاجی تحریک چلانے کا اعلان کیا ،17 فروری کو اسلام آباد میں احتجاجی تاجر کنونشن منعقد ہوگا۔
آل پاکستان انجمن تاجران کے صدر اجمل بلوچ نے کہا کہ حکومت پوائنٹ آف سیل پر ڈیوائس لگانے کے قانون کو ختم کرے، پوائنٹ آف سیل پر ڈیوائس ناکام ثابت ہوئی ہے۔
اجمل بلوچ نے بتایا کہ ایف بی آر میں ڈیوائس کنٹرول کرنے والوں نے کرپشن شروع کر دی ہے، ڈیوائس لگانے والوں نےبھی کرپشن کا راستہ نکال لیا ہے۔
اجمل بلوچ نے کہا کہ جبری سیل ٹیکس کی رجسٹریشن بھی کسی صورت نہیں ہونے دیں گے، جبری سیل ٹیکس رجسٹریشن کے نوٹس بھیج کر کرپشن کا بازار بھی گرم ہے۔
آل پاکستان انجمن تاجران کے صدر اجمل بلوچ نے مزید کہا کہ ایف بی آر کو پولیس کے کالے قانون کےاختیارات استعمال کی اجازت بلکل بھی نہیں دیں گے۔