ملک میں کورونا وائرس کے اومیکرون ویرینٹ کا پھیلاؤ بڑھتا جارہا ہے اور مسلسل دوسرے روز ایک ہزار سے زائد کیسز رپورٹ ہوئے جس کے بعد مجموعی کیسز 13 لاکھ سے تجاوز کر گئے۔
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران وائرس کی تشخیص کے لیے 51 ہزار 145 ٹیسٹ کیے گئے جس کے نتیجے میں ایک ہزار 293 کیسز مثبت آئے۔
اس کے علاوہ وبا کے باعث مزید 6 افراد زندگی کی بازی ہار گئے جبکہ 609 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔
ملک کے مختلف حصوں میں گزشتہ روز کتنے کیسز سامنے آئے اس کی تفصیلات درج ذیل ہیں:
- سندھ: 759 کیسز، 2 اموات
- پنجاب: 376 کیسز، ایک موت
- اسلام آباد: 109 کیسز
- خیبر پختونخوا: 41 کیسز، 3 اموات
- بلوچستان: ایک کیس
- آزاد کشمیر: 7 کیسز
البتہ گلگت بلتستان میں کوئی کیس رپورٹ نہیں ہوا۔
اب تک پاکستان میں مجموعی طور پر 13 لاکھ ایک ہزار 141 کورونا کیسز کی تصدیق ہوچکی ہے جن میں سے 12 لاکھ 58 ہزار 86 صحتیاب ہونے میں کامیاب رہے لیکن 28 ہزار 961 لقمہ اجل بن گئے۔
اس وقت ملک میں فعال کیسز کی تعداد 14 ہزار 94 ہوگئی ہے۔
دوسرری جانب ملک میں ویکسی نیشن کا سلسلہ بھی جاری ہے اور گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 7 لاکھ 58 ہزار 688 افراد کو وائرس سے بچاؤ کی ویکسین لگائی گئی۔
اب تک پاکستان بھر میں ویکسین کی 16 کروڑ 14 لاکھ 9 ہزار 693 خوراکیں لگائی جاچکی ہیں۔
عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) کے مطابق اومیکرون ویرینٹ تقریباً 100 ممالک میں پایا گیا ہے اور کووڈ 19 کی اس نئی قسم کے کیسز کمیونٹی ٹرانسمیشن والی جگہوں پر ہر ڈیڑھ سے تین دن میں دگنے ہو رہے ہیں۔
کراچی میں کیسز کی مثبت شرح 10.25 فیصد سے بڑھ گئی
اومیکرون کے باعث کورونا وائرس کی پانچویں لہر سے سب سے زیادہ ملک کا معاشی حب کراچی متاثر ہے جہاں گزشتہ روز 650 کیسز سامنے آئے۔
کراچی میں کورونا کیسز مثبت آنے کی شرح بڑھ کر 10.25 فیصد تک پہنچ گئی ہے۔
محکمہ صحت سندھ کے اعداد و شمار کے مطابق صوبے میں کورونا مثبت کیسز روزانہ ایک فیصد کے حساب سے بڑھ رہے ہیں۔
کراچی میں منگل کو کورونا کیسز کی شرح 8.9 جبکہ گزشتہ روز یہ شرح 9.93 ریکارڈ کی گئی تھی۔
صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر عذرا پیچوہو کے مطابق کرونا کے روزانہ 500 کیسز سامنے آرہے ہیں، کورونا کیسز کی تعداد سے بڑھنے سے لگ رہا ہے اومیکرون بھی بڑھ رہا ہے جبکہ ہسپتالوں کی صورتحال دیکھتے ہوئے لاک ڈاؤن کا فیصلہ کیا جا ئے گا۔