نئی ریفائنری پالیسی کو حتمی شکل دی جارہی ہے، حماد اظہر

نئی ریفائنری پالیسی کو حتمی شکل دی جارہی ہے، حماد اظہر


وفاقی وزیر توانائی حماد اظہر نے کہا ہے کہ نئی ریفائنری پالیسی کو حتمی شکل دی جارہی ہے جس کے ذریعے آئل ریفائنریوں کو فرنس آئل کی پیداوار سے الگ کیا جائے گا۔

اپنی ٹوئٹ میں حماد اظہر نے کہا کہ آئل ریفائنریوں اور فرنس آئل سے متعلق کچھ غلط فہمیوں کی وضاحت ضروری ہے۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ رواں سال گرمیوں میں پاکستان کو فرنس آئل کی دستیابی کے حوالے سے پریشانی کاسامنا کرنا پڑا کیونکہ ڈیمز میں پانی کی کمی کی وجہ سے فرنس آئل سے چلنے والے پاور پلانٹس زیادہ چلے اور فرنس آئل کی کھپت عام حالات کے مقابلے میں 116 فیصد بڑھ گئی۔

حماد اظہر نے مزید کہا کہ اس وقت بھی ڈیموں میں کم پانی کی وجہ سے فرنس آئل والے پاور پلانٹس چل رہے ہیں، چند روز کے دوران ان پاور پلانٹس میں فرنس آئل کی کھپت 13 ہزار ٹن یومیہ ہوجائے گی۔

مقامی ریفائنریاں ہماری یومیہ ضرورت کا صرف نصف فرنس آئل ہی نکال سکتی ہیں اور پاور پلانٹس کے پاس اب بھی فرنس آئل کا مناسب ذخیرہ موجود نہیں۔

سردیوں میں ایل این جی کی کمی اور پاور پلانٹس کی ضرورت کو مد نظر رکھتے ہوئے حکومت نے 2 لاکھ ٹن فرنس آئل درآمد کیا ہے۔

وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ حکومت کی جانب سے نئی ریفائنری پالیسی کو حتمی شکل دی جارہی ہے جس کے ذریعے آئل ریفائنریوں کو فرنس آئل کی پیداوار سے الگ کیا جائے گا۔


اپنا تبصرہ لکھیں