واٹس ایپ میں ’وائس میسیج‘ سینڈ کرنے سے قبل سننے کا فیچر متعارف

واٹس ایپ میں ’وائس میسیج‘ سینڈ کرنے سے قبل سننے کا فیچر متعارف


’میٹا فیس بک‘ کی ملکیت اور دنیا کی سب سے بڑی انسٹنٹ میسیجنگ ایپلی کیشن ’واٹس ایپ‘ نے وائس میسیج کو بھیجنے سے قبل اس کا جائزہ لینے کا فیچر متعارف کرادیا۔

واٹس ایپ کے پیج پر جاری کی گئی اپ ڈیٹ کے مطابق اب صارفین وائس میسیج کو کسی اور کے پاس بھیجنے سے قبل سن سکیں گے اور اگر اس میں کوئی غلطی ہو یا وہ اسے نہ بھیجنا چاہیں تو ان کے پاس ڈیلیٹ کرنے کا آپشن ہوگا۔

مذکورہ فیچر کو استعمال کرنے کے لیے صارفین کو اپنے موبائل میں پرانے طریقے سے ہی وائس میسیج ریکارڈ کرنا پڑے گا، تاہم جب وہ اسپیکر کو ہولڈ کریں تو اسے اوپر کی جانب سوائپ کرنا پڑے گا۔

وائس ریکارڈنگ کرتے وقت اسپیکر کو اوپر سوائپ کرنے کے بعد پیغام کی ریکارڈنگ الگ انداز میں ہوگی اور ریکارڈنگ کے بعد مذکورہ پیغام کو سننے کا آپشن بھی بھیجنے والے کو دستیاب ہوگا۔

یہ بھی پڑھیں: اب آپ ریپلائی کے بغیر واٹس ایپ میسج پر اپنے جذبات کا اظہار کرسکیں گے

وائس میسیج سننے کے بعد اگر صارف چاہے تو اسے بھیج دے یا پھر چاہے تو وہ اسے ڈیلیٹ کردے۔

اس سے قبل صارفین کے پاس وائس میسیج کو بھیجنے سے قبل سننے کا فیچر دستیاب نہیں تھا اور وائس میسیج بھیجے جانے کے بعد لوگ اسے ڈیلیٹ کردیتے تھے، جس سے پیغام وصول کرنے والے کو اندازہ ہوجاتا تھا کہ انہیں بھیجا گیا کوئی پیغام ڈیلیٹ کردیا گیا ہے۔

تاہم نئے فیچر سے دوسرے شخص کو ایسا کوئی پیغام موصول نہیں ہوگا، جس سے وہ اندازہ لگا سکیں کہ انہیں کوئی بھیجی گئی چیز ڈیلیٹ کردی گئی ہے۔

علاوہ ازیں ’واٹس ایپ‘ ایک ایسے فیچر پر بھی کام کرنے میں مصروف ہے، جس کے تحت ٹیکسٹ پیغام کو آڈیو کی صورت میں سنا جا سکے گا۔

یعنی مذکورہ فیچر کے تحت ہر کسی کے پاس آپشن ہوگا کہ وہ اپنے پاس آئے ہوئے ٹیکسٹ میسیج کو پڑھنے کے بجائے اسے آڈیو کی صورت میں سنے اور مذکورہ فیچر آرٹیفیشل انٹیلی جنس (اے آر) کے تحت کام کرے گا۔

مذکورہ فیچر ’گوگل آڈیو‘ کی طرح کا ہوگا، جیسے گوگل آڈیو کے ذریعے خبروں اور مضامین کو پڑھنے کے بجائے سنا جا سکتا ہے۔


اپنا تبصرہ لکھیں