آئی فون آرڈر کرنے والے شخص کو پتھر اور صابن موصول

آئی فون آرڈر کرنے والے شخص کو پتھر اور صابن موصول


سعودی عرب میں آن لائن آئی فون 13 پرومیکس آرڈر کرنے والا شخص اس وقت دکھ میں مبتلا ہوگیا جب اسے موبائل کے بدلے صابن اور پتھر موصول ہوئے۔

اردو نیوز کی رپورٹ میں اخبار 24 کا حوالہ دیتے ہوئے کہا گیا کہ سعودی شہری نے بتایا کہ انہوں نے آئی فون 13 پرومیکس کی آن لائن خریداری کی تھی جس کی قیمت 5 ہزار ریال سے زیادہ تھی۔

متاثرہ فرد کے مطابق ان کا ایک شخص سے رابطہ ہوا تھا جس نے آن لائن آئی فون فروخت کرنے کی پیشکش کی تھی-

سعودی شہری کا کہنا ہے کہ جب انہوں نے پارسل کھولا تو اس میں نئے آئی فون کے بجائے ایک پتھر، صابن اور گم کے سوا کچھ نہ تھا۔

مقامی شہری نے متعلقہ ادارے میں دھوکا دہی کی رپورٹ بھی درج کرادی ہے۔

خیال رہے کہ سعودی وزارت تجارت بارہا خبردار کر چکی ہے کہ کوئی بھی سعودی یا غیر ملکی شہری آن لائن کوئی بھی چیز کسی بھی غیر رجسٹرڈ ادارے سے نہ خریدے۔

علاوہ ازین سعودی وزارت تجارت واضح کر چکی ہے کہ رجسٹرڈ اداروں کی فہرست اس کی ویب سائٹ پر موجود ہے جو چیک کی جا سکتی ہے۔

خیال رہے کہ یہ پہلی مرتبہ نہیں ہے کہ آن لائن شاپنگ کے دوران آرڈر سے مختلف سامان ڈیلیور کیا گیا ہو۔

گزشتہ برس پونے کے رہائشی ایک صارف کو 300 روپے کے اسکن لوشن کے بجائے 19 ہزار روپے کے وائرلیس ہیڈفونز موصول ہوئے تھے۔

رواں برس ایمازون نے ماؤتھ واش آرڈر کرنے والے شخص کو غلطی سے اسمارٹ فون بھیج دیا تھا۔

اس سے قبل فلپائن میں جوسی فرائیڈ چکن آرڈر کرنے پر ایک خاندان کو تلا ہوا تولیہ موصول ہوا تھا۔


اپنا تبصرہ لکھیں